رسائی کے لنکس

قازقستان میں بس کے حادثے میں 52 مسافر ہلاک


الماتے میں ایک حادثے میں کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک رہی ہے۔ فائل فوٹو
الماتے میں ایک حادثے میں کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک رہی ہے۔ فائل فوٹو

قازقستان کے شمال مشرقی علاقے میں ایک چلتی بس میں آگ بھڑک اٹھنے سے 52 مسافر ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے افراد ازبک شہری تھے اور وہ اس راستے پر سفر کر رہے تھے جس کے ذریعے روزگار کے خواہش مند تارکین وطن روس جاتے ہیں۔

قازقستان کی وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بس اکٹو کے دور افتادہ علاقے کی ایک سڑک پر سفر کر رہی تھی جو روسی شہر سمارا کو جنوبی قازقستان کے شہر شیمکنت سے ملاتی ہے ۔ یہ شہر ازبک سرحد کے قریب واقع ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ بس کس سمت جا رہی تھی۔ لیکن یہ راستہ زیادہ تر ازبک کارکنوں کو روس لے جانے اور واپس لانے کے استعمال ہوتا ہے۔ ازبک کارکن زیادہ تر ان روسی علاقوں میں کام کرتے ہیں جہاں تعمیرات ہو رہی ہوتی ہیں۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پانچ افراد شعلوں میں لپٹی ہوئی بس میں سے نکل کر اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہو گئے۔

قازقستان کی وزارت داخلہ نے کہا ہے حادثہ ساڑھے دس بجے کے لگ بھگ پیش آیا، تاہم اس بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔

انٹرنیٹ پر شائع کی جانے والی ایک تصویر میں بس شعلوں میں لپٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہے جب کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی ہے جس میں برف سے گھرے علاقے میں سڑک کے بیچوں بیچ ایک بس شعلوں میں گھری ہوئی ہے اور اس میں سے گہرے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔

پچھلے سال قازقستان سے چلنے والی ایک بس، جس پر 50 سے زیادہ مسافر سوار تھے، روس میں ایک ریل گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس میں 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG