رسائی کے لنکس

کیلی کرافٹ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کا عہدہ سنبھالیں گی


فائل
فائل

امریکی صدر کی ایلچی کے طور پر کیلی نائٹ کرافٹ بہت جلد اقوام متحدہ میں سفیر کے فرائض سنبھالیں گی، جنھیں ڈونلڈ ٹرمپ نے نامزد کیا ہے، جہاں انھیں ناقدین کو مطمئن کرنا ہوگا کہ وہ عہدہ بجا لانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ستاون برس کی کیلی کرافٹ کی نامزدگی کی توثیق اسی ہفتے کے اوائل میں امریکی سینیٹ نے معمولی اکثریت سے کی، جس میں ووٹ زیادہ تر پارٹی بنیادوں پر ڈالا گیا۔

ان کا تعلق کنٹکی سے ہے۔ ان کی شادی جو کرافٹ سے ہوئی، جو کوئلے کی صنعت کے ارب پتی منتظم ہیں۔

ان کا شمار ری پبلیکن پارٹی کو عطیات دینے والے اہم افراد میں ہوتا ہے۔ انھوں نے 2016ء کے صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کو 10 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا تھا، جب کہ ان کے خاندان نے ری پبلیکن پارٹی کے متعدد سینیٹروں کی بھی مالی اعانت کی تھی۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے طور پر کرافٹ کو اُن نامور سفارت کاروں کے نقش قدم پر چلنا ہوگا جن میں ٹھومس پکرنگ، میڈلین آلبرائٹ اور رچرڈ ہالبروک شامل ہیں، اور ان کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ میں سفیر رہنے والے جارج ایچ ڈبلیو بش کا نام بھی آتا ہے، جو ملک کے صدر بنے۔

کرافٹ ایک کاروباری خاتون اور انسان دوست شخصیت ہیں۔ وہ دو سال قبل بین الاقوامی سفارت کاری کے میدان میں اس وقت نمودار ہوئیں جب ٹرمپ نے انھیں کینیڈا میں سفیر مقرر کیا، جہاں انھوں نے شمال امریکی تجارت کے نئے سمجھوتے
کے لیے کوششیں کیں۔

جون میں جب سینیٹ فارین رلیشنز کمیٹی کے سامنے ان کی نامزدگی کی توثیق کی سماعت جاری تھی، ڈیموکریٹک پارٹی کے رینکنگ رکن نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا تھا کہ انھیں عہدے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG