رسائی کے لنکس

امریکہ کو شام اور عراق سے نکال دیا جائے گا: ایرانی سپریم لیڈر


آیت اللہ خامنہ ای (فائل فوٹو)
آیت اللہ خامنہ ای (فائل فوٹو)

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی فورسز کے مشرق وسطیٰ سے نکل جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کو عراق اور شام سے نکال دیا جائے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے اتوار کو طلبہ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان، عراق اور شام میں امریکی اقدامات کی وجہ سے اس سے نفرت کی جاتی ہے۔ امریکہ کو شام اور عراق میں رہنے نہیں دیا جائے گا اور اسے وہاں سے نکال دیا جائے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای کی ویب سائٹ پر اس خطاب کی تفصیلات میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کی کارکردگی نے امریکہ کو اس مقام تک پہنچا دیا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک اس سے نفرت کرتے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے دنیا میں رائے عامہ کو بہتر بنانے پر خرچ کردہ رقم کے باوجود اس کی حکومت اور نظام دنیا کے بیشتر حصوں میں بدنام ہو گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں امریکہ کے جھنڈے نظر آتش کیے جا رہے ہیں۔

رواں برس تین جنوری کو امریکہ نے ایک ڈرون حملے میں ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراق میں نشانہ بنایا تھا جس میں وہ مارے گئے تھے۔ اس حملے کے جواب میں آٹھ جنوری کو ایران نے عراق میں امریکہ کی دو تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ ماہ ہی امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کی بحریہ کو ہدایت دی تھی کہ اگر خلیج فارس میں کوئی ایرانی جہاز اُنہیں ہراساں کرتا ہے تو وہ اُسے نشانہ بنا سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کے اس بیان کے بعد ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے اپنے ردِ عمل میں کہا تھا کہ ایران کی سالمیت کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو ایران امریکی بحری بیڑے کو تباہ کر دے گا۔

دونوں ملکوں کے درمیان جاری لفظی جنگ کے دوران اتوار کو ایران کے رہبرِ اعلیٰ کی طرف سے ایک اور سخت بیان سامنے آیا ہے۔

اتوار کو طلبہ سے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ سے نفرت کے ذمہ دار امریکی حکومت میں شامل متشدد لوگ ہی نہیں بلکہ امریکی حکومت کی کارکردگی، افغانستان، شام اور عراق میں جارحیت کی وجہ سے بھی امریکہ سے نفرت کی جاتی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ امریکہ کی جانب سے شدت پسند گروپ 'داعش' کی حمایت کی وجہ سے بھی امریکہ کو نفرت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم امریکہ داعش کی حمایت کا ایرانی الزام مسترد کرتا آیا ہے اور امریکی فورسز عراق اور شام میں اس شدت پسند تنظیم کے خلاف گزشتہ کئی سال سے سرگرم ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ دہشت گردی کی ترویج اور ناانصافی کر رہا ہے اور خاص کر کرونا وائرس سے نمٹنے میں کوتاہی کی وجہ سے بھی امریکہ کو عالمی نفرت کا سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG