رسائی کے لنکس

شاہ چارلس ملکہ الزبتھ کے تابوت کےجلوس میں شرکت کے لیے اسکاٹ لینڈ جائیں گے


بادشاہ چارلس شاہی خاندان کے سینئر افراد کے ساتھ چرچ میں ایک دعائیہ تقریب میں بھی شامل ہوں گے جہاں ملکہ الزبتھ کے تابوت کو لندن لے جانے سے قبل منگل تک رکھا جائے گا۔
بادشاہ چارلس شاہی خاندان کے سینئر افراد کے ساتھ چرچ میں ایک دعائیہ تقریب میں بھی شامل ہوں گے جہاں ملکہ الزبتھ کے تابوت کو لندن لے جانے سے قبل منگل تک رکھا جائے گا۔

برطانیہ کے شاہ چارلس سوم پیر کو اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ والدہ الزبتھ کے تابوت کے جلوس میں شرکت کے لیے اسکاٹ لینڈ جائیں گے جہاں ایڈنبرا کے ایک محل سے شہر کے تاریخی سینٹ جائلز کیتھیڈرل تک ایک شاندار جلوس میں ملکہ کے جسد کو لے جایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نئے بادشاہ شاہی خاندان کے سینئر افراد کے ساتھ چرچ میں ایک دعائیہ تقریب میں بھی شامل ہوں گے جہاں ملکہ الزبتھ کے تابوت کو لندن لے جانے سے قبل منگل تک رکھا جائے گا۔

اتوار کے روز ان کی میت کو ایک تابوت گاڑی کے ذریعے اسکاٹ لینڈ کے بالمورل کیسل سے چھ گھنٹے کے سفر میں اسکاٹ لینڈ کے دلکش دیہی علاقوں، دیہات، چھوٹے قصبوں اور شہروں سے ہوتے ہوئے ایڈنبرا لے جایا گیا۔

ہزاروں لوگ ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سڑکوں پر قطاروں میں کھڑے ہوئے جب کہ بڑے بڑےہجوم ایڈنبرا میں اکٹھے ہوئے جن میں سے کچھ کی آنکھوں میں آنسو تھے۔

اسکاٹ لینڈ روانہ ہونے سے قبل 73 سالہ چارلس ، جو برطانوی نظام کے تحت برطانیہ اور آسٹریلیا ، کینیڈا ، جمیکا ، نیوزی لینڈ اور پاپوا نیو گنی سمیت دوسرے علاقوں کے بادشاہ بن گئے ہیں ، ایک اور روایتی تقریب میں شرکت کے لیے برطانوی پارلیمنٹ جائیں گے۔

ویسٹ منسٹر ہال میں، ہاؤس آف کامنز اور ایوانِ بالا کے قانون ساز ان کی والدہ کے انتقال پر ان سے اپنی تعزیت کا اظہار کریں گے اور نئے بادشاہ ایک جوابی تقریر کریں گے ۔

اس کے بعد وہ اپنی اہلیہ کمیلا ، کوئین آف کنسورٹ کے ساتھ اپنی بہن این اور بھائیوں اینڈریو اور ایڈورڈ کے ساتھ والدہ کے تابوت کے جلوس میں شامل ہونے کے لیے ایڈنبرا جائیں گے جہاں وہ تابوت گاڑی کے پیچھے اس وقت تک پیدل چلیں گے جب ان کی والدہ کے تابوت کو سینٹ جائلز ، کیتھیڈرل لے جایا جائے گا ۔

جب میت چرچ پہنچے گی تو ڈیوک آف ہملٹن اور برینڈن اسکاٹ لینڈ کا تاج تابوت پر رکھیں گے ۔ ایک دعائیہ تقریب کے بعد تابوت کو 24 گھنٹے کے لیے کیتھیڈرل میں رکھا جائے گا تاکہ لوگوں کو اپنی عقیدت کے نذرانے پیش کرنے کی اجازت دی جا سکے ۔

شاہ چارلس اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ کا دورہ بھی کریں گے اور اسکاٹ لینڈ کےفرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجیئن سے ملاقات کریں گے ۔بعد ازاں وہ دیگرشاہی افراد کے ساتھ ایک دعائیہ تقریب میں شریک ہوں گے ۔

منگل کو ملکہ الزبتھ کے تابوت کو لند ن لے جایا جائے گا جہاں بدھ کو اسے ویسٹ منسٹر ہال میں ایک بلند چبوترے پر رکھ دیا جائے گا۔ وہ آخری رسومات تک وہیں رکھا جارہے گا جو پروگرام کے مطابق پیر 19 ستمبر کو ہوں گی۔

عوام کو 19 ستمبر تک مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے تک میت کا آخری دیدا ر کرنے کے لیے تابوت کے پاس سے گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔

پورے برطانیہ میں ہزاروں لوگ پھولوں کے گلدستے لے کر شاہی محلات میں مسلسل اکٹھے ہو رہے ہیں۔لندن کے بکنگھم پیلس کے قریب گرین پارک کے ارد گرد لمبی لائنوں میں گلدستے نظر آرہے ہیں جہاں سوگواروں کو عقیدت نامے پڑھنے کا موقع مل رہا ہے ۔

برطانیہ میں اس سے قبل ایسے عوامی سوگ کا مظاہرہ 1997 میں چارلس کی پہلی اہلیہ ، شہزادی ڈیانا کے انتقال کے بعد دیکھا گیا تھا جب وہ پیرس میں کار کے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG