رسائی کے لنکس

رونکی کی شاندار بیٹنگ، لاہور قلندرز کی مسلسل چھٹی شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور قلندرز نے ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا اور پوائنٹ ٹیبل پر وہ سب سے نیچے ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے اٹھارہویں میچ میں لیوک رونکی کی دھواں دار بیٹنگ کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی، ایونٹ میں لاہور قلندرز کی یہ مسلسل چھٹی شکست ہے۔

لاہور قلندر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور زمیں 8 وکٹیں گنواکر 163 رنز بنائے، اسلام آباد نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا جب کہ ابھی کھیل کی 14 گیندیں باقی تھیں۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

فخر زمان اور ڈیو کچ نے لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا اور 56 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 34 رنز بنا کر ڈومینی کی گیند پر وکٹ کیپر رونکی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

فخرزمان کے آؤٹ ہونے کے بعد آغا سلمان بیٹنگ کے لئے آئے اور ڈیوکچ کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 101 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر آغا سلمان 13 گیندوں پر صرف 8 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ رام نے 20 گیندوں پر 9 رنز کی سست رفتار اننگز کھیلی جبکہ ڈیوکچ بھی فہیم اشرف کے اسی اوور میں 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان مک کولم مڈل آرڈر میں کھیلنے کے لئے آئے اور صرف 12 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ سنیل نارائن صرف 6 رنز بنا سکے۔

یوں لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

فہیم أشرف نے تین جبکہ ڈومینی، محمد سمیع اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے اوپنرز ڈومینی اور رونکی نے شاندار آغاز فراہم کیا اور پانچویں اوور میں 47 رنز بنا ڈالے۔ ڈومینی 21 رنز بنا کر رونکی کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اُنہیں سنیل نارائن نے پویلین کی راہ دکھائی۔

ڈومینی کے بعد شاداب خان رونکی کا ساتھ دینے میدان میں اُترے۔ دونوں بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے۔

حریف ٹیم کا ہر بولر اُن کے سامنے بے بس نظر آ رہا تھا۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں برق رفتار 87 رنز کا اضافہ کر کے شاداب خان 32 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ آصف علی صرف 7 رنز بنا کر سنیل نارائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

اس کے بعد رونکی کا ساتھ دینے کپتان مصباح الحق آئے لیکن رونکی سنیل نارائن کی گیند گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ ا ٓؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 41 گیندوں پر چھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

یوں اسلام آباد نے لاہور قلندرز کو آسانی سےچھ وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

سنیل نارائن نے تین اور عمران خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اٹھارہ میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 8 اور کراچی کنگز کے 7 پوائنٹس ہیں جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 6، 6 پوائنٹس ہیں۔ لاہور مسلسل چھ شکست کے بعد تاحال کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی ہے۔

XS
SM
MD
LG