رسائی کے لنکس

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا


ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 152رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ نے آخری اوور میں حسن خان کے چھکے کی بدولت مطلوبہ ہدف 19 اعشاریہ 5 اوور ز میں 8وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا

پاکستان سپر لیگ کے تحت کھیلے جانے والے میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ عمر گل کی 6وکٹیں بھی ملتان کے کسی کام نہ آئیں۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 152رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ نے آخری اوور میں حسن خان کے چھکے کی بدولت مطلوبہ ہدف 19 اعشاریہ 5 اوور ز میں 8وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے کمارسنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد نواز نے میچ کی پہلی ہی گیند پر سنگاکارا کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ یہی نہیں احمد شہزاد بھی صرف دو رنز بنا کر انور علی کا شکار ہوگئے۔ یوں صرف تین رنز پر اوپنرز کی جوڑی پویلین لوٹ گئی۔

صہیب مقصود اور سہیل تنویر نے رنز بنانے کی ذمے داری سنبھالی اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 38 قیمتی رنز جوڑ کر اسکور 41 رنز تک پہنچا دیا، سہیل تنویر 19 رنز بناکر صہیب مقصود کا ساتھ چھوڑ گئے۔

مشکل صورتحال میں کپتان شعیب ملک بیٹنگ کے لئے آئے اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف بولرز کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ مجموعی اسکور جب 81رنز ہوا تو صہیب مقصود 27 رنز بنا کر لاؤلین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین وائٹلے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر ایسا نظر آرہا تھا کہ ملتان سلطانز کی ٹیم بڑا اسکور نہیں کر پائے گی۔ لیکن، شعیب ملک اور پولارڈ نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کی آخری 16 گیندوں پر 33 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 152 تک پہنچا دیا۔

شعیب ملک نے 43 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 65 رنز بنائے، جو ’پی ایس ایل‘ میں اُن سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے، پولاڈ نے صرف 6 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

یوں ملتان سلطانز کی ٹیم نےمقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 152رنز بنا لئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز، انور علی، راحت علی، لاؤلین اور واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز اسد شفیق اور شین واٹسن نے 48 رنز کا برق رفتار آغاز فراہم کیا۔ لیکن، عمر گل نے پہلے اسد شفیق کو 20 رنز اور پھر شین واٹسن کو 26 رنز پویلین واپس بھیج کر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔ پیٹرسن بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 5 رنز بناکر شعیب ملک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

رمیز راجہ جونیئر کو 22 رنز پر عمران طاہر نے کلین بولڈ کیا۔ کپتان سرفراز احمد بھی صرف 11 اور روسو 27رنز بناسکے۔یوں ٹیم کی جیت کے امکانات بھی معدوم ہوگئے۔

انور علی اور محمد نواز نے دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کے لئے جیت کی امید پیدا کی۔ لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک بار شکست کے بادل منڈلانے لگے، ایسے میں حسن خان نے پولارڈ کے آخری اوور میں چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلادی اور کوئٹہ نے153رنز کا ہدف ہدف 19 اعشاریہ 5 اوور زمیں8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے عمر گل نے شاندار بولنگ پرفارمنس دی اور صرف 24 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں، پی ایس ایل کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب کسی بولر نے چھ وکٹیں لی ہیں، اس سے قبل روی بوپارا بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔کراچی کنگز کے 7 جبکہ پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 6،6 پوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندر اب بھی اپنے پہلے دو پوائنٹس کی منتظر ہے۔

ایونٹ میں جمعرات کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG