رسائی کے لنکس

ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے چار پاکستانی ہلاک


پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 عام شہری ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری کے چاروا سیکٹرمیں بِنی سُلاریہ گاؤں کے لوگوں کو بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پنجاب رینجرز نے بھارت فائرنگ کا بھرپور جواب دیا اور ورکنگ باؤنڈری کو نشانہ بنانے والی بھارتی چوکیوں پر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر چاروا سیکٹر میں شہری آبادی کو مارٹر گولوں اور خودکار اسلحے سے نشانہ بنایا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق 2017 میں اب تک بھارتی افواج 700 سے زائد بار لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکی ہیں۔

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے بھارتی فائرنگ کی شديد مذمت کی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ علاقے کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر آئے دن فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کرنے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ اس سال سرحد پار فائرنگ سے اب تک 32 سے زیادہ پاکستانی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG