رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم’ لوڈ ویڈنگ‘ جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے لیے نامزد


فلم کے مصنف اور ڈائریکٹر نبیل قریشی کا کہنا ہے کہ انہیں لوڈ ویڈنگ کی جےپور انٹرینشنل فلم فیسٹول کے لیے نامزدگی پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ یہ ایک باوقار اور اچھی شہرت کا فلم فیسٹول ہے اور ہمیں اپنی جیت کی پوری امید ہے۔

اس سال کے شروع میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم’ لوڈ ویڈنگ‘کو جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں بہترین فیچر فلم کی کیٹگری کے نامزد کر دیا گیا ہے۔

فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر نامزدگی کی تصدیق کر دی ہے۔

گیارہویں جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹول کی تقریبات 18 سے 22 جنوری تک بھارت میں ہوں گی۔

پاکستان میں’ لوڈ ویڈنگ‘ کو یہاں کی دو اور فلموں کے ساتھ سخت مسابقت کا سامنا کرنا پڑا۔ فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور ’پرواز ہے جنون‘، دونوں فلموں نے عید الاضحی کے تین دنوں میں پانچ پانچ کروڑ روپے کمائے تھے۔

​لوڈ ویڈنگ جیو فلمز اور فلم والا پکچرز کی پروڈکشن ہے۔ اس فلم نے زی اسٹودیوز کے تعاون سے بیرونی ملکوں میں بھی نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں اور یہ امکان موجود ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کا شمار پاکستان کی سب سے زیادہ ہٹ ہونے والی فلموں میں کیا جائے۔

ایکسپریس ٹربیون سے بات کرتے ہوئے فلم کے مصنف اور ڈائریکٹر نبیل قریشی نے کہا انہیں اس نامزدگی پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ یہ ایک باوقار اور اچھی شہرت کا فلم فیسٹول ہے اور ہمیں اپنی جیت کی پوری امید ہے۔

فلم کی پروڈیوسر فضا علی مرزا نے نامزدگی کے متعلق ایک سوال کے جوا ب میں کہا کہ ہمارے لیے یہ بڑی خوشی کی بات ہے اور اس فیسٹول کے لیے نامزد ہونا ہی ہمارے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

جے پور فلم فیسٹول کا آغاز 2009 میں ہوا تھا۔ اسے سال بھر کے دوران دنیا بھر سے ہزاروں نامزدگیاں موصول ہوتی ہیں۔

11 واں سالانہ فلم فیسٹول جے پور میں منعقد ہو گا جس میں نبیل قریشی اور فضا مرزا بھی شرکت کریں گی۔

فلم لوڈ ویڈنگ میں جنوبی ایشیائی معاشروں میں ر ائج ایک تکلیف دہ رسم جہیز کو موضوع بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے شدید دباؤ کا شکار ہیں اور جہیز نہ ہونے کی وجہ سے کئی لڑکیوں کی شادیاں نہیں ہو پاتیں۔

فلم ایک نوجوان راجا کی لو سٹوری کے گرد گھومتی ہے جو اپنے خاندان کی ذمہ داریوں کے باعث شادی نہیں کر پاتا کیونکہ وہ پہلے اپنی بہن کی شادی کرنا چاہتا ہے لیکن مالی وسائل کی کمی جہیز میں رکاوٹ بن جاتی ہے۔

اس فلم کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ فلم کی ہیروئن پولیو ورکر بن جاتی ہے۔ ایک ایسے پس منظر میں جہاں پاکستان کے مختلف علاقوں میں پچوں کو پولیو کی ویکسین پلانے کی شديد مخالفت کی جاتی اور کئی پولیو ورکرز انتہاپسندوں کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں، فلم کی ہیروئن کا پولیو ورکر بننا ایک طاقت ور پیغام ہے۔

لوڈ ویڈنگ اس سال اگست میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ نبیل قریشی اور فضا مرزا کی مصطفی کے ساتھ چوتھی فلم ہے۔

XS
SM
MD
LG