رسائی کے لنکس

لودھراں کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کا امیدوار کامیاب


فائل
فائل

غیر سرکاری نتائج کے مطابق، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید محمد اقبال شاہ نون نے 113542 ووٹ جبکہ تحریک انصاف کے علی خان ترین نے 85933 ووٹ حاصل کئے

غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف کو شکست دے دی ہے۔ ضمنی انتخاب کے لیے حلقہ میں امن و امان کی صورتحال اور پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے پاک فوج کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

حلقے میں قائم 338 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید محمد اقبال شاہ نون نے 113542 ووٹ جبکہ تحریک انصاف کے علی خان ترین نے 85933 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ سوموار کے روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت کو اپنی سیاسی مخالف جماعت تحریک انصاف پر 27609 ووٹوں کی غیر حتمی غیر سرکاری برتری حاصل ہے۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد چار لاکھ اکتیس ہزار دو ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو چون کی یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جہانگیر ترین کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کردہ پیٹیشن پر خالی ہوئی تھی، جس میں عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین کو نا اہل قرار دیا تھا۔

ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار ملک محمد اظہر10 ہزار212 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مرزا محمد علی بیگ 3 ہزار 189ووٹ حاصل کر کے چوتھے نمبر پر ہیں۔

اس سے قبل بھی اسی حلقہ این اے 154 میں دسمبر سنہ 2015 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے جہانگیر ترین نے مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ کو تقریباً چھتیس ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تا حال حلقے کا سرکاری نتیجہ نہیں سنایا گیا۔ تاہم، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے ضمنی انتخاب میں اپنے امیدوار کی واضح برتری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG