رسائی کے لنکس

امریکہ ملائیشیا کو چوری ہونے والے 20 کروڑ ڈالر واپس کرے گا


کوالالمپور (فائل)
کوالالمپور (فائل)

ملائیشیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت نے ملائیشیا کو 1MDB فنڈ سے لوٹے ہوئے اربوں ڈالر واپس کرنا شروع کر دئے ہیں۔

ملائیشیا کے اٹارنی جنرل ٹامی تھامس نے منگل کے روز جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملائیشیا کو 57 ملین ڈالر کی رقم موصول ہوئی ہے جو امریکی محکمہ انصاف اور ریڈ گرینائٹ پکچرز کے مابین ایک سمجھوتے کے تحت جاری کی گئی ہے۔ ریڈ گرینائٹ پکچرز کے شریک بانی، رضا عزیز ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے سوتیلے بیٹے ہیں، جنہوں نے 1MDB بنایا اور جن پر کرپشن کے درجنوں الزامات ہیں۔

ریڈ گرینائٹ پکچرز پر ایک مقدمہ کیا گیا تھا جس کے مطابق 2013 میں ہالی وڈ میں بننے والی فلم ‘دی وولف آف وال سٹریٹ’ پر سرمایہ 1MDB سے چرائے گئے پیسے سے لگایا گیا تھا۔

تھامس کا کہنا تھا کہ طرفین نے 60 ملین ڈالر پر سمجھوتا کر لیا تھا جب کہ امریکہ نے 3 ملین ڈالر تحقیقات کی مد میں ہونے والے خرچے کے لئے رکھ دیے ہیں۔

تھامس کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت نیویارک میں 139 ملین ڈالر میں فروخت ہونے والی ایک پراپرٹی کی رقم بھی واپس کرنے کا بندوبست کر رہی ہے۔ یہ پراپرٹی ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے فائنانسر لو تائک جو نے فروخت کی جو ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے قریبی ساتھی ہیں اور ان پر بھی رشوت اور کرپشن کے الزامات ہیں۔

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ اس سرمایہ کاری فنڈ سے اندازاً ساڑھے چار ارب ڈالر کی رقم کرپشن کے ذریعے لوٹی گئی، جس میں سے بہت سی نجیب رزاق کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی۔

تھامس کا کہنا ہے کہ اب تک ملائیشیا 1MDB انویسٹمنٹ فنڈ سے لوٹی گئی رقم میں سے کل 322 ملین ڈالر واپس حاصل کر سکا ہے جن میں سے 36 ملین ڈالر سنگاپور سے ملے ہیں۔

نجیب فاروق پر کرپشن کے 38 مختلف الزامات ہیں جن میں سے 1MDB سکینڈل سرفہرست ہے جس میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔ اس سکینڈل کی وجہ سے پچھلے برس نجیب فاروق کو 93 برس کے مہاتیر محمد سے الیکشن میں تاریخی شکست ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG