رسائی کے لنکس

مراکش میں خاتون کے ہاں 9 بچوں کی پیدائش


مالی کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حلیمہ سیسی نے سی سیکشن کے ذریعے چار لڑکے اور پانچ لڑکیوں کو جنم دیا ہے۔
مالی کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حلیمہ سیسی نے سی سیکشن کے ذریعے چار لڑکے اور پانچ لڑکیوں کو جنم دیا ہے۔

مراکش میں افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے نو بچوں کو جنم دیا ہے اور تمام بچے صحت مند ہیں۔

مالی حکومت نے 25 سالہ حلیمہ سیسی کو 30 مارچ کو علاج معالجے کے لیے مراکش بھیجا تھا تا کہ وہاں ان کی صحت کی بہتر دیکھ بھال کی جا سکے۔

ابتدائی طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ خاتون سات بچوں کو جنم دینے والی ہیں لیکن منگل کو خاتون نے نو بچوں کو جنم دیا ہے۔

حلیمہ سیسی نے کامیاب آپریشن کے بعد چار لڑکوں اور پانچ لڑکیوں کو جنم دیا ہے۔

مالی اور مراکش میں خاتون کے الٹرا ساؤنڈ میں سات بچوں کی پیدائش متوقع تھی۔ ایک ساتھ سات صحت مند بچوں کو جنم دینے سے متعلق واقعات کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں جب کہ ایک ساتھ نو بچوں کو جنم دینا غیر معمولی ہے۔

مراکش کی وزارتِ صحت کے ترجمان رشید کودھاری کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان کے ملک کے کسی اسپتال میں ایک خاتون کے ہاں اتنے بچوں کی پیدائش ہوئی ہو۔

مالی کی وزیرِ صحت فانٹا سیبی نے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ ماں اور بچے صحت مند ہیں۔ اس حوالے سے انہیں مالی کی ڈاکٹر نے اطلاع دی ہے جو حلیمہ سیسی کے ساتھ مراکش گئے تھے۔

فانٹا سیبی کے مطابق حلیمہ سیسی کو چند ہفتوں بعد وطن واپس لایا جائے گا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز کو حلیمہ سیسی کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کے زندہ رہنے کے امکانات پر تشویش لاحق تھی۔

فانٹا سیبی نے مالی اور مراکش کے میڈیکل عملے کا شکریہ بھی ادا کیا ہے جن کی پیشہ ورانہ صلاحیت کی وجہ سے ان کے بقول خاتون کے حمل کے خوش گوار نتائج دیکھنے کو ملے ہیں۔

XS
SM
MD
LG