امریکہ میں انسدادِ منشیات کے وفاقی ادارے نے واضح کیا ہے کہ بعض دعووں کے برعکس بھنگ کے کوئی طبی فوائد نہیں اور یہ بدستور خطرناک منشیات کی فہرست میں شامل رہے گی۔
'ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن' نے یہ فیصلہ امریکہ کی دو ریاستوں کیلی فورنیا اور رہوڈ آئی لینڈ کے سابق گورنروں کی درخواست پر سنایا ہے، جنہوں نے ایجنسی سے درخواست کی تھی کہ وہ ممنوعہ نشے کی فہرست میں بھنگ کی شمولیت پر نظرِ ثانی کرے۔
بدھ کو اپنے فیصلے میں ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی نے کہا ہے کہ بھنگ کے غلط استعمال کا امکان بہت زیادہ ہے اور امریکہ میں طبی مقاصد کے لیے اس کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث اس کی اجازت دینے کا کوئی جواز نہیں۔
امریکہ کی لگ بھگ 25 ریاستوں اور وفاقی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کسی نہ کسی صورت میں بھنگ کے استعمال کی قانونی اجازت ہے، البتہ وفاقی قوانین کے تحت اس کے استعمال پر بدستور پابندی ہے جس کے خاتمے کے لیے کئی حلقے اور ادارے مہم چلا رہے ہیں۔