رسائی کے لنکس

مسعود اظہر پر پابندی، چین کا تکنیکی التوا ختم کرنے کا عندیہ


چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ (فائل فوٹو)
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ (فائل فوٹو)

چین نے کہا ہے کہ کالعدم شدت پسند تنظیم 'جیش محمد' کے سربراہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ میں بلیک لسٹ کرنے کے معاملے پر 'مثبت پیش رفت ہوئی ہے"۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے منگل کو بیجنگ میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ اس مسئلے کو مناسب طریقے سے حل کر لیا جائے گا تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ ایسا کب ہو گا۔

دوسری طرف بعض اطلاعات کے مطابق بدھ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی میں مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ ہو سکتا ہے۔

چین نے شدت پسند تنظیم 'جیش محمد' کے سبراہ مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرانے کی تجویز تکنیکی بنیادوں پر التوا میں ڈال دی تھی۔ ان کی تنظیم نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ایک دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ انہیں بلیک لسٹ کرنے کی تجویز امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے پیش کی تھی۔

مسعود اظہر کو تعزیراتی کمیٹی میں بلیک لسٹ قرار دینے پر چین کی رضامندی کی اطلاعات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے کہا کہ "چین کا اس معاملے پر موقف واضع ہے۔"

تاہم انہوں نے مزید کہا "چین اس معاملے کو کمیٹی سے بات چیت اور مشاورت سے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ سلامتی کونسل کے ارکان کی اکثریت اس پر متفق ہے۔"

ترجمان نے مزید کہا کہ چین تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ان کے بقول بیجنگ یہ سمجھتا ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کی کوششوں سے یہ معاملہ سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی 1267 میں مناسب طور پر حل ہو سکتا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک نجی ٹی وی چینل 'آپ نیوز' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مسعود اظہر کا پلوامہ سے کوئی تعلق بنتا ہے تو بھارت اسے ثابت کر دے لیکن اگر پلوامہ واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے تو ترجمان کے بقول "پاکستان سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی میں مسعود اظہر کی لسٹنگ کے معاملے پر غور کر سکتا ہے"۔

بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر چین مسعود اظہر کو سلامتی کونسل کی تعزیراتی کمیٹی میں بلیک لسٹ کیے جانے کی تجویز کی مخالفت نہیں کرتا تو یہ ایک ایسے معاملے پر بڑی سفارتی پیش رفت ہو گی جو پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کی ایک وجہ ہے۔

اقوامِ متحدہ جیش محمد کو دہشت گرد قرار دے چکی ہے لیکن تنظیم کے سربراہ مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرانے کی متعدد کوششیں چین کی مخالفت کی وجہ سے کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG