رسائی کے لنکس

میکسیکو میں طاقت ور زلزلہ، 100 سے زیادہ ہلاکتیں


میکسیکو سٹی میں لوگوں کو مہندم عمارتوں سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ 19 ستمبر 2017
میکسیکو سٹی میں لوگوں کو مہندم عمارتوں سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ 19 ستمبر 2017

شہری تحفظ کے ایک عہدے دار نے ایک مقامی ٹیلی وژن کو بتایا کہ زلزلے کے بعد میکسیکو سٹی کی کئی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی ہے اور لوگ ان عمارتوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

منگل کے روز میکسیکو میں ایک طاقت ور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.1 تھی۔

زلزلے سے کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں جن کے ملبے تلے دب کر ایک سو سے زیادہ افراد ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

عہدے داروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ بہت سے لوگ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

امدادی ٹیمیں متاثرہ افراد تک پہنچے اور انہیں منہدم عمارتوں سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ٹیلی وژن کی ایک فوٹیج میں زلزلے سے زمین بوس ہونے والی دارالحکومت کی ایک کثیر منزلہ عمارت دکھائی گئی ہے ۔ فوٹیج میں کئی امدادی کارکن لوگوں کو ملبے کے ڈھیر وں سے نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

زلزلے سے کئی عمارتوں میں شگاف پڑ گئے ہیں
زلزلے سے کئی عمارتوں میں شگاف پڑ گئے ہیں

کئی دوسری ویڈیوز میں سرکاری عمارتوں میں شگاف پڑتے اور انہیں سٹرکوں پر گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیوز میں سڑکوں اور گلی کوچوں میں کھڑے خوف زدہ لوگ بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

جنوبی میکسیکو کے ایک شہر کورناواکا سے ملنے والی غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ مقامی ریڈیو کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد تباہ شدہ عمارتوں کے اندر پھنسی ہوئی ہے۔

اس زلزلے سے محض ایک ہفتہ پہلے میکسیکو میں ایک اور طاقت ور زلزله آیا تھا۔

میکسیکو سٹی میں تباہ کن زلزلے کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ 19 ستمبر 2017
میکسیکو سٹی میں تباہ کن زلزلے کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ 19 ستمبر 2017

شہری تحفظ کے ایک عہدے دار نے ایک مقامی ٹیلی وژن کو بتایا کہ زلزلے کے بعد میکسیکو سٹی کی کئی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی ہے اور لوگ ان عمارتوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

لوگوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں اور گلیوں میں کھڑی ہے ۔ دارالحکومت کے کئی علاقوں میں بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبے گر گئے ہیں اور تاریں ٹوٹ کر سڑکوں پر بکھر گئی ہیں۔

زلزله آنے سے صر ف چند گھنٹے پہلے بہت سے لوگوں نے زلزلے سے بچاؤ کی ایک مشق میں شرکت کی تھی۔ یہ مشق ہر سال میکسیکو سٹی میں 1985 کے تباہ کن زلزلے کی برسی کے موقع پر کی جاتی ہے۔ اس زلزلے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بہت سے لوگ ابھی تک 7 ستمبر کو آنے والے زلزلے کے خوف سے باہر نہیں نکل سکے۔ 8.1 شدت کے اس زلزلے میں کم ازکم 98 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

میکیسکو کے صدر انریکا پینا ایک اور شہر واخاکا کے دورے پر ہیں جہاں 7 ستمبر کے زلزلے سے شديد نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ وہ فوری طور پر میکسیکو سٹی واپس آ رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG