رسائی کے لنکس

میکسیکو دیوار کی قیمت دے یا دورہ منسوخ کرے: ٹرمپ


امریکہ میکسیکو کی سن لینڑ سرحد پر حال ہی میں تعمیر کی جانے والے دیوار کا ایک حصہ۔
امریکہ میکسیکو کی سن لینڑ سرحد پر حال ہی میں تعمیر کی جانے والے دیوار کا ایک حصہ۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز میکسیکو کے اپنے ہم منصب اینرق پینا نیٹو سے کہا ہے کہ اگر ان کا ملک سرحد پر تعمیر کی جانے والی دیوار کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار نہیں ہے تو پھر وہ اپنا امریکہ کا دورہ منسوخ کر دیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابي مہم کے دوران مسلسل یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ صدر بننے کے بعد پڑوسی ملک میکسیکو کی امریکہ سے ملحق تقریباً 3000 کلومیٹر لمبی سرحد پر دیوار تعمیر کریں گے جس پر اٹھنے والی لاگت بھی میکسیکو کو ہی ادا کرنا ہوگی۔

میکسیکو صدر ٹرمپ کے اس مطالبے کو مسترد کر چکا ہے۔

کمزور نگرانی کی اس سرحد سے ہر سال بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن امریکہ میں داخل ہوتے ہیں جنہیں تارکین وطن کے بارے میں سخت موقف کے حامی امریکی معیشت پر ایک بوجھ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بہت سی ملازمتیں اور روزگار کے مواقع امریکیوں کے ہاتھ سے نکل کر غیر قانونی تارکین وطن کے پاس چلے گئے ہیں جو بہت کم معاوضے پر کا م کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ کو میکسیکو کے ساتھ تجارت میں 60 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا ہے۔ این اے ایف ٹی اے نامی معاہدہ یک طرفہ ہے جس کے نتیجے میں امریکہ روزگار کے بہت سے مواقعوں اور کمپنیوں سے محروم ہو گیا۔ اگر میکسیکو سرحد پر بنائی جانے والی دیوار کی قیمت دینے کے لیے تیار نہیں ہے، جس کی اشد ضرورت ہے، تو پھر بہتر یہ ہو گا کہ وہ آئندہ دنوں میں ہونے والا اپنا دورہ منسوخ کر دے۔

این اے ایف ٹی اے، یعنی نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگرمنٹ ، امریکہ، کینیڈا ور میکسیکو کے درمیان طے پانے والا ایک معاہدہ ہے جس پر 1994 میں دستخط ہوئے تھے۔ معاہدے کے تحت بہت سی تجارتي اشیاء پر محصولات میں کمی کی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG