رسائی کے لنکس

کراچی: میرواعظ عمر فاروق کی صدر زرداری سے ملاقات


کشمیری راہنماوٴں نے جمعرات کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے راہنما میرواعظ عمرفاروق نے، جو ان دنوں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہوئے ہیں، جمعرات کو کراچی میں ایک مصروف دن گزارا۔ یہاں ان کی سب سے اہم ملاقات صدر آصف علی زرداری سے ہوئی ۔

کشمیری راہنما نے بلاول ہاوٴس میں صدر سے اپنی ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ مذاکرات میں کشمیری راہنماوٴں کو بھی شامل کیا جائے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل انتہائی ضروری ہے۔

اس سے پہلے کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو کا بھی دورہ کیا۔ایم کیو ایم کے اراکین رابطہ کمیٹی کی جانب سے کشمیری راہنماوٴں کا پرتپاک استقبال کیا گیا ، جبکہ تحریک کے سربراہ الطاف حسین کی جانب سے انہیں پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

ملاقات کے دوران میر واعظ عمر فاروق نے لندن میں مقیم الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی ۔ انہوں نے الطاف حسین کو یہ تجویز بھی پیش کی کہ اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو مستقل طور پر مبصر کی نشست الاٹ کی جانی چاہیے۔ الطاف حسین نے مسئلہ کشمیرکو ایم کیو ایم کے انتخابی منشور میں شامل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں میر واعظ کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ کسی پاکستانی لیڈر نے کشمیریوں کے دل کی آواز بنتے ہوئے اقوام متحدہ میں مبصر کی نشست الاٹ کرنے کی بات کی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیری قیادت کی عدم شمولیت کے سبب مذاکرات کے کشمیر پر مثبت اثرات نظر نہیں آرہے۔

کشمیری راہنماوٴں نے جمعرات کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق پاک بھارت مذاکرات اس وقت تک نتیجہ خیز نہیں ہو سکتے جب تک ان میں کشمیری قیادت کو شامل نہ کیا جائے۔

اس سے پہلے حریت کانفرنس کاوفد اسلام آباد میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ،وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلستان میاں منظور وٹو سمیت مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین ، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور دیگر اہم راہنماوٴں سے بھی ملاقات کر چکا ہے۔
XS
SM
MD
LG