رسائی کے لنکس

مس یونیورس 2017ء کا ٹائٹل جنوبی افریقہ کی حسینہ کے نام


’مس یونیورس2017ء‘ کا اعزاز جیتنے کے ساتھ ساتھ ڈیمی پیٹرز ایک سال کے معاوضے اور نیویارک میں ایک لگژری اپارٹمنٹ کی حقدار بھی قرار پائیں۔

’کائنات‘ یا ’یونیورس‘ کی سب سے خوبصورت لڑکی کا تاج جنوبی افریقہ کی حسینہ کے سرسج گیا۔ مس جنوبی افریقہ ڈیمی لیہہ پیٹرز نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’مس یونیورس 2017ء‘ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

امریکا کے شہر لاس ویگاس میں رنگوں، روشنیوں اور خوبصورتیوں سے سجے 66ویں مس یونیورس مقابلے میں جنوبی افریقہ کی 22 سالہ ڈیمی پیٹرز نے مس یونیورس بننے کے لئے دنیا بھر کی92 حسیناؤں کو شکست دی۔

ڈیمی کے نام کا بطور فاتح اعلان ہوا تو وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور زار و قطار رونے لگیں۔

’مس یونیورس2017ء‘ کا اعزاز جیتنے کے ساتھ ساتھ ڈیمی پیٹرز ایک سال کے معاوضے اور نیویارک میں ایک لگژری اپارٹمنٹ کی حقدار بھی قرار پائیں۔ انہیں دیگر انعامات سے بھی نوازا گیا۔

ڈیمی لیہہ پیٹرز مس یونیورس کے مقابلے میں شرکت سے پہلے سیلف ڈیفنس ٹرینر کا کام کرتی تھیں۔ انہوں نے نارتھ ویسٹ یونیورسٹی سے بزنس مینجمنٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔

اس سال ’مس یونیورس‘ مقابلے میں کمبوڈیا، لاؤس اور نیپال کی حسیناؤں نے پہلی بار شرکت کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 45 سال بعد پہلی بار عراق کی حسینہ بھی عالمی مقابلہ حسن کا حصہ بنیں۔

مس یونیورس 2017ء کے مقابلے کی میزبانی کے فرائض اسٹیو ہاروے نے انجام دئیے۔

اسٹیو ہاروے نے 2015ء میں مس یونیورس مقابلے کی میزبانی میں غلطی سے ’مس یونیورس‘ کا خطاب ’مس فلپائن‘ کو دینے کے بجائے ’مس کولمبیا‘ کو دے دیا تھا، جس پر انہیں کافی عرصے تک مذاق اور تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG