رسائی کے لنکس

دھونی پلوامہ میں فوجی ڈیوٹی کریں گے


مہندر سنگھ دھونی اعزازی لیفٹننٹ کرنل بننے کے بعد۔ فائل فوٹو
مہندر سنگھ دھونی اعزازی لیفٹننٹ کرنل بننے کے بعد۔ فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی کرکٹ میچوں کے دوران مختلف انداز میں اپنے ملک کی فوج کے ساتھ جذباتی وفاداری کا اظہار کرنے میں شہرت رکھتے ہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے دوران روایتی کرکٹ ٹوپی کی جگہ فوجی انداز کی ٹوپی پہنی اور حالیہ ورلڈ کپ میچوں میں بھی انہوں نے ایسے گلوز استعمال کیے جب پر فوجی نشانات موجود تھے۔

انہیں بھارتی فوج کی 106 TA بٹالین کا اعزازی لیفٹننٹ کرنل کا عہدہ دیا گیا ہے اور وہ 31 جولائی سے 15 اگست تک بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں راشٹریہ رائفلز کی وکٹر فورس کے ساتھ فوجی تنصیبات اور سڑکوں پر پیٹرولنگ اور گارڈ کے فرائض انجام دیں گے۔

دھونی اپنی فوجی ڈیوٹی کی وجہ سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے اپنی دستیابی سے معذرت کر چکے ہیں۔

بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھونی کو پیٹرولنگ اور گارڈ کی ڈیوٹی کرنے کی اجازت ان کی اپنی درخواست پر دی گئی ہے۔ تاہم فوج یہ خیال رکھے گی کہ 15 روز کی اس ڈیوٹی کے دوران دھونی کو کسی قسم کے خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دھونی نے 2015 میں فوج کی پیرا سپیشل فورسز کے ساتھ آگرہ میں فوجی تربیت کی تھی جس میں ہتھیاروں کے استعمال کی تربیت بھی شامل ہے۔

دھونی سے قبل سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹرز کپل دیو اور سچن ٹنڈلکر کو بھی فوج کا اعزازی عہدہ دیا گیا تھا۔ ٹنڈلکر کو 2010 میں اعزازی گروپ کیپٹن مقرر کیا گیا تھا۔ یہ عہدہ بھی لیفٹننٹ کرنل کے برابر ہوتا ہے۔

حالیہ ورلڈ کپ میں مہندر سنگھ دھونی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھے تھے جس کے بعد یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کرنے والے ہیں۔

اس وقت معروف گلوکارہ لتا منگیشکر سمیت بہت سے لوگوں نے ٹوئٹر کے ذریعے ان سے درخواست کی تھی کہ بھارتی ٹیم کے لیے کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں۔

XS
SM
MD
LG