رسائی کے لنکس

ٹی20 میچ میں بھارت کو ہرانے پر بنگلہ دیش میں جشن


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کو پہلے ٹی 20 میچ میں سات وکٹ سے شکست کے بعد بنگلہ دیش میں جشن کا ماحول ہے۔

ایک طرف ملکی میڈیا میں بنگلہ دیش کی فتح کو کارنامے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف عوام اور خود کھلاڑیوں بھی جوش و جذبے کے ساتھ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

تاہم بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر اور بلے باز مشفق الرحیم کا کہنا ہے کہ شکر ہے کئی ہفتوں کے ہنگاموں کے بعد ٹیم کو دوبارہ مسکرانے کا موقع ملا اور کھلاڑیوں نے راحت کا سانس لیا ہے لیکن جشن منانے کا موقع ابھی نہیں آیا۔

مشفق الرحیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پچھلے دو سے تین ہفتوں میں انہوں نے جس مشکل صورت حال کا سامنا کیا ہے ایسی صورت حال ان کے 15 سالہ کرکٹ کیریئر میں پہلے کبھی پیش نہیں آئی۔

مشفق نے بھارت کے خلاف پہلے ٹی-ٹوئنٹی میں ناقابل شکست 60 رنز بنائے تھے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش چھوڑنے سے پہلے میں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ معاملات کو صحیح طریقے سے طے کرنے کا واحد راستہ یہ ہوگا کہ ہم بھارت کے خلاف کچھ میچز جیت لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میچ جیت کر انہوں نے قوم کو مسکراہٹیں لوٹائی ہیں جس سے بورڈ اور کرکٹرز کو راحت ملی ہے۔

بنگلہ دیش میں ہونے والے فتح کے جشن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مشفق الرحیم کا کہنا تھا کہ ابھی ہمارے دو میچز باقی ہیں اور ہم ابھی تک سیریز نہیں جیت سکے ہیں۔ اگر ہم یہ سیریز بھی جیت گئے تو جشن منانے میں اصل مزہ آئے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم ایک طرح کی افراتفری کا شکار تھی۔

کھلاڑی بھارتی دورے پر جانے میں ہچکچاہٹ سے کام لے رہے تھے کیوں کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے سمیت بہت سے مطالبات تسلیم نہیں کیے جارہے تھے۔

ابھی کرکٹرز اور بورڈ کی جانب سے معاملات حل بھی نہ ہوئے تھے کہ ایک اور بحران نے سر اٹھا لیا تھا۔ آل راؤنڈر شکیب الحسن پر دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔ انہیں بدعنوانی میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا تھا۔

شکیب الحسن کے حوالے سے یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انسداد بدعنوانی کوڈ کی خلاف ورزی کی تھی۔

کرکٹ بورڈ سے کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے تنازع کا خاتمہ ہوا تو کرکٹرز نے بھارتی دورے پر رضا مندی ظاہر کی۔

شکیب اور سینئر بلے باز تمیم اقبال کی عدم موجودگی کے باوجود بنگلہ دیش نے نئی دہلی میں بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دی اور تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG