رسائی کے لنکس

’ہجرت‘ پاکستانی سنیما میں ایک نئی اور رومانوی فلم کا اضافہ


فلم کا میوزک رواں ہفتے پیش کیا گیا جس موقعے پر ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ایک خوشگوار اور ہلکے پھلکے ماحول میں ہونے والی اس تقریب کے لیے جو بات توانائی بخش تھی وہ یہ کہ علی عظمت نے ’ہجرت‘ کے لئے دو گانے بھی ریکارڈ کئے ہیں

بہت تیزی سے قدم جماتی پاکستان فلم انڈسٹری میں اب جس نئی فلم کا چرچا ہوگا وہ ’ہجرت‘ ہے۔ فلم کے رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ایک ہی شخص ہیں اور وہ ہیں فاروق مینگل۔

فلم رومانوی ہے، جس کی کہانی خانہ جنگی کے خلاف جاری افغان جنگ کے پس منظر سے جڑی ہے جس کے کچھ کردار اس جنگ سے تنگ آکر پاکستان ’ہجرت‘ کر جاتے ہیں اور یہیں سے کہانی نئے موڑ لینے لگتی ہے۔

فلم ’ایف ایم پروڈکشنز‘ کے بینر تلے پروڈیوس کی گئی ہے، جبکہ اسے ’ہم فلمز‘ اور ’ایور ریڈی گروپ آف کمپنیز‘ ڈسٹری بیوٹ کر رہے ہیں۔

فلم میں نئے چہروں کو بھی متعارف کرایا گیا ہے، جیسے موڈلنگ کے شعبے سے اداکاری کو اپنانے والے اسد زمان، رابعہ بٹ اور رباب علی جنہوں نے فلم میں مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں شامل منجھے ہوئے فنکاروں میں ندیم، ایوب کھوسو، دردانہ بٹ، جمال شاہ، ماہ جبین، صائمہ بلوچ اور نعمان اعجاز سرفہرست ہیں جبکہ فلم اسٹار ثنا بھی بطور مہمان کاسٹ کا حصہ ہیں۔

فلم کی موسیقی کی رونمائی رواں کی گئی ہے، جس موقعے پر ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ایک خوشگوار اور ہلکے پھلکے ماحول میں ہونے والی اس تقریب کو توانا رکھنے والے علی عظمت تھے، جنہوں نے ’ہجرت‘ کے لئے دو گانے بھی ریکارڈ کئے ہیں۔

تقریب سے فاروق مینگل، اسد زمان، رابعہ بٹ، رباب علی، ماہ جبین، صائمہ بلوچ، ایوب کھوسو، جمال شاہ، دردانہ بٹ، علی عظمت، ثنا اور ندیم نے خطاب کیا۔

فلم پاکستان کے ساتھ ساتھ ترکی میں بھی شوٹ ہوئی ہے۔ لہذا، زیادہ تر فنکاروں نے شوٹنگ کے وقت پیش آنے والے واقعات اور اپنے تجربات سے سب کو آگاہ کیا۔

نئے اداکاروں نے سلور اسکرین پر جلوہ گر ہونے کے بارے میں اپنے احساسات کا ذکر کیا۔ علی عظمت نے تفصیل سے فلم ’ہجرت‘ کے میوزک کے بارے میں بتایا۔

کہانی کو ایک حد تک پوشیدہ رکھتے ہوئے سب نے یہی کہا کہ ’ہجرت‘ بھی پاکستانی سینما کی ’حیاتِ نو‘ میں ایک اہم کردار ادا کرے گی۔

’ہجرت‘ پاکستان بھر کے سینماوٴں میں22 اپریل کو نمائش کے لئے پیش کر دی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG