رسائی کے لنکس

امریکہ: پانچ لاکھ ڈالر فرنیچر میں چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام


فائل فوٹو: میامی انٹرنیشنل ائیر پورٹ
فائل فوٹو: میامی انٹرنیشنل ائیر پورٹ

امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے ایئرپورٹ سے پانچ لاکھ ڈالر ملک سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ یہ رقم فرنیچر میں چھپائی گئی تھی۔

امریکہ کے محکمۂ کسٹم کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن آفیسرز نے جمعرات کو چار لاکھ 91 ہزار 280 ڈالر غیر قانونی طور پر ملک سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا کر رقم ضبط کر لی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ رقم ایک کرسی کے اندر چھپائی گئی تھی جسے دیگر فرنیچر کے ساتھ بیرونِ ملک اسمگل کیا جا رہا تھا۔

مذکورہ فرنیچر ڈومینیکن ری پبلک بھیجا جا رہا تھا، تاہم کسٹم حکام نے سامان کی جانچ پڑتال کے دوران چھپائی گئی رقم کا پتا لگایا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کسٹم ایجنسی کے قائم مقام پورٹ ڈائریکٹر رابرٹ ڈیل ٹورو کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد اور گروپ مالی فوائد حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی طریقے سے بڑی رقم اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

حکام نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ رقم کا مالک کون ہے اور اس پر مقدمہ دائر کیا جائے گا یا نہیں۔

امریکی قوانین کے مطابق 10 ہزار ڈالر سے زیادہ رقم اپنے ساتھ لانے والے مسافروں کو اس کی پیشگی اطلاع کسٹم حکام کو دینا ہوتی ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں رقم ضبط کر لی جاتی ہے، جب کہ ملزموں کو مختلف الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

XS
SM
MD
LG