رسائی کے لنکس

تارکین وطن کو 'فریج' میں امریکہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام


سامان منتقل کرنے والے کولڈ اسٹوریج ٹرک میں پکڑے جانے والے غیر قانونی تارکین وطن۔
سامان منتقل کرنے والے کولڈ اسٹوریج ٹرک میں پکڑے جانے والے غیر قانونی تارکین وطن۔

بارڈر سیکیورٹی حکام نے ایریزونا اور ٹیکساس میں تین مبینہ انسانی اسمگلروں کو حراست میں لیا ہے۔ جو دو واقعات میں ٹرک اور ٹریلر میں لاد کر کُل 85 غیر قانونی تارکیں وطن کو امریکہ لا رہے تھے۔

امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پراٹیکشن کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ ایریزونا کی ایک چوکی پر ایک ٹرک پکڑا گیا ہے جس میں 32 غیر قانونی تارکین وطن سوار تھے۔ یہ افراد ٹرک کے سامان کے سیکشن میں بند تھے جس میں 47 ڈگری فارن ہائیٹ کے ٹمپریچر پر اشیائے خورد و نوش کو منتقل کیا جاتا ہے۔

فرج جیسے یخ بستہ درجہ حرارت میں بند انسانوں کے لیے یہ خطرناک ترین اور انتہائی مضر صحت صورت حال ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے تھے۔

تحویل میں لیے جانے والے ٹرک میں 16 سے 53 سال کی عمر کے افراد ٹھونسے گئے تھے، جنہیں سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کپڑے تک نہیں دیے گئے تھے۔ اور وہ عام گرمیوں کا لباس پہنے ہوئے ٹھٹھر رہے تھے۔

محکمے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے اس کیس میں ملوث دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ لوگ میکسیکو اور اکواڈور کے شہری ہیں، جنہیں غیر قانونی طور پر کارگو کے ٹرک میں چھپا کر لایا جا رہا تھا۔

بارڈر پیٹرول ایجنٹ، جو کوران نے 'فاکس 10' ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ ’’انسانوں سے سامان جیسا برتاؤ نہیں کیا جا سکتا۔ انہیں سامان کی طرح یخ بستہ ٹریلروں میں لاد کر نہیں لایا جا سکتا۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ’’ایکسرے ٹیکنالوجی کی مدد سے اس غیر قانونی حرکت کا پتا چلایا گیا، جو عام حالت میں ممکن نہیں ہوتا۔‘‘

ایک اور خبر کے مطابق، امریکی بارڈر پیٹرول دستے نے گزشتہ منگل کو ٹیکساس سے ایک امریکی شہری کو حراست میں لیا، جو ایک ٹریلر کے ذریعے 53 غیر قانونی تارکین وطن کو مبینہ طور پر امریکہ لا رہا تھا۔

اپنے بیان میں، یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پراٹیکشن نے بتایا ہے کہ اس ٹریلر کو انٹر اسٹیٹ ہائی وے 35 کی چوکی پر رکنے کے لیے کہا گیا، جہاں جانچ پڑتال کے دوران انسانی اسمگلنگ کا انکشاف ہوا۔

اس سے قبل، محکمے کو اطلاع ملی تھی کہ ٹریلر میں منشیات لدی ہوئی ہیں یا پھر انسان سوار ہیں۔ ان 53 غیر قانونی تارکین وطن کا تعلق میکسیکو، ایکواڈور، گوٹے مالا، السلواڈور اور ہنڈوراس سے بتایا جاتا ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق، امریکہ میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ غیر قانونی تارکین وطن موجود ہیں، جن میں سے اکثریت کا تعلق ہمسایہ ملک میکسیکو اور دیگر وسط امریکی ملکوں سے ہے۔

امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر غیر قانونی تارکین وطن کے داخل ہونے کی خبریں آتی رہی ہیں، جن میں اس وقت سے خاصی کمی آئی ہے جب اس سال جون میں دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت میکسیکو، امریکہ میں پناہ کے خواہش مند وسطی امریکہ کے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ہاں رکھنے پر آمادہ ہوا ہے۔ جب تک امریکی عدالتیں ان کی پناہ کی درخواستوں کا فیصلہ نہیں کرتیں، وہ میکسیکو ہی میں مقیم رہیں گے۔

ساتھ ہی، امریکہ میکسیکو کے درمیان سرحد پر بلند قامت فولاد کی دیوار تعمیر کی جا رہی ہے جسے عبور کرنا ممکن نہیں ہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ سرحد کی نگرانی کا نظام بھی سخت تر کر دیا گیا ہے، جس سے غیر قانونی تارکین کی آمد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG