رسائی کے لنکس

نئی ڈرامہ سیریل ’ایسے جلے جیا‘


یہ کہانی ہے ایک لالچی عورت کی جس کی نظر میں پیسوں کے آگے رشتوں کی بھی کوئی اہمیت نہیں

کراچی ۔۔۔ پاکستان کے نجی چینلز پر بھارتی ڈراموں اور فلموں کی بھرمار ہے اور یہ بحث چھڑی ہوئی ہے کہ اس کی کس حد تک ضرورت ہے؟ یا ضرورت ہے بھی یا نہیں؟

پاکستان میں الیکٹرونک میڈیا کی نگرانی کرنے والے سرکاری ادارے پیمرا، یعنی’پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی‘ کی جانب سے صرف 6فیصد بھارتی اسٹف دکھانے کی اجازت ہے۔ لیکن، اکثر نجی ٹی وی اس قانون کی خلاف ورزی کرتے نظر آتے ہیں۔

البتہ، کچھ چینلز ایسے بھی ہیں جنہوں نے خالصتاً پاکستانی ڈراموں کو آگے بڑھایا اور بلاخر یہی ان کی انفرادیت ٹھہری۔ ’ہم‘ ٹی وی بھی انہیں چینلز میں سے ایک ہے۔ مثلاً، ’ہمسفر‘، ’شہر ذات‘ اور ’تنہائی‘ ایسے ڈرامے ہیں جنہوں نے چینلز کے ساتھ ساتھ پاکستانی ڈرامے کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

یہی’ہم‘ ٹی وی اب ایک نیا ڈرامہ سیریل ’ایسے جلے جیا‘ پیش کرنے والا ہے جس کی کہانی پاکستانی معاشرے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔

’ہم‘ کے پبلک ریلیشنز ایگزیکٹیو، سید منہاس صغیر نے ’وائس آف امریکہ‘ کو ڈرامے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیاجن کے مطابق ’ایسے جلے جیا‘ کہانی ہے ایک لالچی عورت کی جس کی نظر میں پیسوں کے آگے رشتوں کی بھی کوئی اہمیت نہیں۔ ’اماں‘ کہلانے والی اس عورت کی ایک بیٹی اور ایک شادی شدہ بیٹا ہے۔ بیٹی کے شوہر حامد پر بیرون ملک ملازمت کا بھوت سوار ہے۔ لیکن، اس کے پاس پیسے نہیں۔

وہ اپنی بیوی پر اماں سے پیسے لانے کے لئے دباؤ ڈالتا ہے۔ لیکن، جب اماں پیسے کا سنتی ہے تو آگ بگولہ ہوجاتی ہے اور ایک ایسی چال چلتی ہے جس سے اس کے اپنوں کی زندگیاں داوٴ پر لگ جاتی ہیں۔

ڈرامے کو تحریر کیا ہے شاہد نظامی نے۔ ہدایت کار ہیں انجلین ملک اور کاسٹ میں شامل ہیں سونیا حسین، عمران اسلم، مہہ جبین، بہروز سبزواری اور ثمینہ احمد ۔
XS
SM
MD
LG