رسائی کے لنکس

نئے سال 2018 میں آنے والی بالی وڈ کی نئی فلمیں 


آنے والی کچھ فلمیں اسٹارکاسٹ سے سجی ہیں تو کچھ نسبتاً نئے ستاروں سے۔ اب باکس آفس پر کس کی قسمت کا ستارہ جگمگاتا ہے، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ فی الحال، ہم آپ کو بتاتے ہیں کچھ ایسی فلموں کے بارے جن کا سب کو انتظار ہے۔

نیا سال نئی امیدیں لے کر آتا ہے۔ اور، بالی وڈ میں بھی آنے والے سال یعنی 2018 کے استقبال کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ کچھ فلمیں ایسی ہیں جن سے نہ صرف ’بالی وڈ‘ والے، بلکہ شائقین بھی میگا ہٹ نہیں تو ہٹ ضرور ہونے کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔

آنے والی کچھ فلمیں اسٹارکاسٹ سے سجی ہیں تو کچھ نسبتاً نئے ستاروں سے۔ اب باکس آفس پر کس کی قسمت کا ستارہ جگمگاتا ہے، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ فی الحال، ہم آپ کو بتاتے ہیں کچھ ایسی فلموں کے بارے میں، جن کا سب کو انتظار ہے۔

ٹھگس آف ہندوستان
’سلسلہ‘ سے لے کر ’چک دے انڈیا‘ تک ’یش راج فلمز‘ ہر دور میں میگا ہٹس فلمیں بالی وڈ کو دیتا آیا ہے اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی یش راج فلمز کی آنے والی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی کاسٹ میگا اسٹارز پر مشتمل ہے۔

اس فلم میں بھارتی سینما کے دو بڑے نام امیتابھ بچن اور عامرخان کو لوگ پہلی بار اسکرین شیئر کرتے دیکھ سکیں گے۔ اگلے سال 7 نومبر کو ریلیز ہونے والی ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ نے بھی اہم کردار ادا کئے ہیں۔

شاہ رخ خان کی فی الحال ’گمنام‘ فلم
شاہ رخ خان کی فلم کے چرچے فلم کا اعلان ہوتے ہی شروع ہوجاتے ہیں۔ اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے۔ کنگ خان کی آنے والی فلم جس کا نام اب تک فائنل نہیں کیا گیا، وہ ابھی سے خبروں میں ہے۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’ایسٹرن آئی‘ اور دیگر بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ اپنی آنے والی فلم میں ایک بونے کا رول نبھا رہے ہیں۔ فلم 21 دسمبر 2018 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ریس تھری
بالی وڈ کی بلاک بسٹر سپنس تھرلر، ’ریس‘ سیریز کی نئی فلم ’ریس3‘ کا سب ہی بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں؛ کیونکہ، اس مرتبہ دبنگ خان، یعنی سلمان خان بھی فلم کا حصہ ہیں۔

فلم 2018 میں عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔ سلمان کے ساتھ جیکلین فرنینڈس، ڈیزی شاہ، بوبی دیول اور ثاقب سلیم بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔

راضی
اپنے مختصر سے فلمی کیرئیر میں غیرمعمولی فلمیں کرکے اپنی شناخت بنانے والی عالیہ بھٹ کو ان کے مداح نئے سال میں، نئی فلم ’راضی‘ میں دیکھ سکیں گے۔

راضی میں عالیہ بھٹ اور وکی کوشل کی جوڑی کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ میگھنا گلزار کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ پیریڈ فلم سچے واقعات پر مبنی ہے اور اس کی ریلیز 11 مئی 2018 کو شیڈول ہے۔

اکتوبر
بالی وڈ کے رومینٹک کم ایکشن ہیرو، ورون دھون کی فلم ’اکتوبر‘ اکتوبر میں نہیں بلکہ 13 اپریل 2018 کو پیش کی جائے گی۔

فلم ’اکتوبر‘ کے ڈائریکٹر سوجیت سرکار ہیں جن کے کریڈٹ پر ’پیکو‘ جیسی متعدد کامیاب فلمیں ہیں۔ فلم میں ورون دھون کے ساتھ بنیتہ سندھو مرکزی کردار ادا کریں گی۔

فلم ’زیرو پوائنٹ ٹو‘
میگا بجٹ فلم ’زیرو پوائنٹ ٹو‘ میں بالی وڈ کے دو میگا اسٹار رجنی کانت اور اکشے کمار سلور اسکرین پر اپنے جوہر دکھائیں گے۔ یہ فلم رجنی کانت کی 2010 کی ہٹ فلم ’روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے۔

فلم ’زیرو پوائنٹ ٹو‘ میں، ایشوریہ رائے بچن رجنی کانت کی ہیروئن ہیں۔ فلم کو 450 کروڑ روپے بجٹ کے ساتھ بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم کہا جا رہا ہے۔ فلم کی ریلیز ڈیٹ کا باقاعدہ اعلان تو نہیں کیا گیا۔ تاہم، ذرائع کے مطابق، 27 اپریل 2018 کو فلم کی ریلیز متوقع ہے۔

ریڈ
اجے دیوگن اور الینا ڈی کروز کی فلم ’ریڈ‘ سچے واقعہ پر مبنی ہے جس میں اجے دیوگن سن 80 کے عشرے کے ایک انکم ٹیکس افسر کا کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم ریڈ 16 مارچ 2018 کو ریلیز ہوگی۔

پیڈ مین
نئی آنے والی فلم ’پیڈ مین‘ میں اکشے کمار نے ٹائٹل رول ادا کیا ہے، جبکہ دیگر کاسٹ میں سونم کپور، رادھکا آپٹے اور دیگر پر مشتمل ہے۔ پیڈ مین 26 جنوری کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

گولڈ
ریما کا گتی کی ڈائریکٹ کردہ ’گولڈ‘ کی کہانی آزاد ملک کے طور پر بھارت کے 1948 میں لندن اولمپکس میں پہلی بار گولڈ میڈل جیتنے کی کہانی ہے۔ فلم میں اکشے کمار، موہنی رائے اور امت سدھ شامل ہیں جو15 اگست کو ریلیز ہوگی۔

پرمانوو
فلم ’پرمانوو: دی اسٹوری آف پوکھران‘بھارت کے پہلے نیوکلیئر ٹیسٹ سے متعلق ہے۔ فلم کی کاسٹ جان ابراہم، ڈیانا پینٹی اور بومن ایرانی نے اہم کردار نبھائے ہیں۔ فلم 23 فروری کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

XS
SM
MD
LG