رسائی کے لنکس

عامر کے بعد اب امیتابھ ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں جلوہ گر ہوں گے


ایک جانب جہاں عوام سمیت امیتابھ بچن کو بھی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے ریلیز ہونے کا انتظار ہے وہیں میگا اسٹار امیتابھ جی کا کہنا ہے کہ ’’یش راج اور عامر خان کے ساتھ کام کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے‘‘

بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن ’یش راج فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم: ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں پہلی بار عامر خان کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

ایک جانب جہاں عوام سمیت امیتابھ بچن کو بھی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے ریلیز ہونے کا انتظار ہے، وہیں میگا اسٹار امیتابھ جی کا کہنا ہے کہ ’’یش راج اور عامر خان کے ساتھ کام کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔‘‘

فلم میں بچن جی کا کردار کیا ہوگا یا فلم کی کہانی میں کون، کون سے موڑ آئیں گے یہ جاننا ابھی باقی ہے کیوں کہ فلم کی کاسٹ کا کہنا ہے کہ ’’یہ بتانے کی ابھی اجازت نہیں۔‘‘

امیتابھ بچن کی جانب سے ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کا پہلا شیڈول مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد وہ اب ٹوئیٹر پر دلچسپ ٹویٹ کرتے نظر آتے ہیں۔

کچھ روز قبل ان کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ ’’فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے پہلے شیڈول کی تکمیل کے بعد اب واپسی کا سفر شروع کرنا ہے۔‘‘

اسی حوالے سے دوسرا ٹویٹ کیا گیا جس میں فلم کی شوٹنگ کے بارے میں بچن جی نے انکشاف کیا کہ ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ آسان نہیں تھی۔ لیکن، درد کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوتا کے مصداق۔۔ فلم کی شوٹنگ مختلف انداز میں کی جا رہی ہے۔‘‘

ٹھگز آف ہندوستان کی کہانی 1839 میں شائع ہونے والے ناول ’کنفیشنس آف ٹھگ‘ سے مماثلت رکھتی ہے، جس کی ہدایت کاری کے فرائض وجے کرشنا نے انجام دئیے جبکہ پروڈسر ادتیا چوپڑا ہیں۔

عامر اور امیتابھ بچن کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں کترینہ کیف، جیکی شروف اور فاطمہ ثنا شیخ وغیرہ شامل ہیں۔

فلم اگلے سال بھارتی عوام کے لئے دیوالی کا تحفہ بن کر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

امیتابھ بچن کو آخری بار رام گوپال کی فلم ’سرکار 3‘ میں جیکی شراف، منوج باجپائی، امت سدھ اور یمی گوتم کے ساتھ دیکھا گیا گیا تھا۔ ان کے متعلق خبریں گرم ہیں کہ وہ بہت جلد رشی کپور کے ساتھ فلم ’102ناٹ آؤٹ‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گے۔

رشی کپور اور امیتابھ بچن کی دو دہائی بعد یہ پہلی فلم ہوگی جس میں وہ ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG