رسائی کے لنکس

ٹوکیو اولمپکس میں کون سے پانچ نئے کھیل شامل کیے گئے ہیں؟


جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 23 جولائی سے شروع ہونے والی ٹوکیو اولمپک گیمز میں پانچ نئے کھیلوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جن میں سرفنگ، سکیٹ بورڈنگ، کراٹے اور بیس بال شامل ہیں۔

کرونا کے دور میں شروع ہونے والے دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوں میں کرونا وبا کی وجہ سے روایتی جوش و خروش نظر نہیں آ رہا البتہ شائقین پر اُمید ہیں کہ وہ اپنی ٹی وی اسکرینز کے ذریعے ان مقابلوں سے محظوظ ہوسکیں گے۔

کھیلوں کے شائقین اس برس کرونا وبا کے باعث اولمپک مقابلوں کو براہِ راست دیکھنے کا موقع نہ ملنے کی وجہ سے جہاں اداس ہیں وہیں اس بار عالمی ایونٹ میں شامل ہونے والے نئے کھیلوں کو پسند کرنے والے اس فیصلے پر خوش بھی ہیں۔

ایڈ وینچر اور ایکشن گیمز کا اضافہ

اولپمک میں شامل ہونے والے پانچ کھیلوں میں سے تین ایسے ہیں جنھیں ایڈونچر یا ایکشن اسپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ عام کھیلوں کے مقابلے میں ان میں کھلاڑیوں کو زیادہ خطرات مول لینا پڑتے ہیں اور عام طور ان میں مہم جوئی کا عنصر غالب ہوتا ہے۔

اس سال اولمپک میں جن ایڈونچر اسپورٹس کو شامل کیا گیا ہے ان میں ’سرفنگ‘ سرِ فہرست ہے۔ توازن برقرار رکھتے ہوئے سمندر کی منہ زور لہروں پر سواری کے اس کھیل کو دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے۔

اولمپک مقابلوں میں جاپان کے سمندر کی لہروں میں سرفنگ کے ذریعے مختلف ممالک کے لگ بھگ 40 ایتھلیٹس طلائی، کانسی اور چاندی کے تمغوں کے لیے جدوجہد کریں گے۔

لہروں سے کھیلتے یہ ایتھلیٹ اب جاپان کے پانیوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
لہروں سے کھیلتے یہ ایتھلیٹ اب جاپان کے پانیوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

نئے شامل ہونے والے کھیلوں میں اسکیٹ بورڈنگ بھی شامل ہے۔ پہیے لگے ہوئے تختے پر یہ بھی توازن برقرار رکھتے ہوئے پھرتی اور مہارت کا کھیل ہے جس کے مقابلوں میں ایتھلیٹس مختلف رکاوٹوں کو عبور کر کے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ان مقابلوں کے لیے امریکہ، برازیل، جاپان، پرتگال کے ایتھلیٹس کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسکیٹ بورڈنگ کو بھی ٹوکیو اولمپکس میں شامل کیا گیا ہے۔
اسکیٹ بورڈنگ کو بھی ٹوکیو اولمپکس میں شامل کیا گیا ہے۔

اسپورٹس کلائمبنگ

اس کھیل میں کھلاڑی کئی فٹ اُونچی دیوار پر مختلف سائز اور شکلوں کی رکاوٹوں کو مہارت سے عبور کرنے کی کوشش کریں گے جو ایتھلیٹ زیادہ تیزی سے دیوار پر چڑھے گا، کامیابی اسی کے نام ہو گی۔ اس کا شمار بھی ایکشن اسپورٹس میں ہوتا ہے۔

اس کھیل میں طلائی تمغے کے لیے ماہرین جاپان، امریکہ اور فرانس کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔

اسپورٹ کلائمبنگ کو بھی ٹوکیو اولمپکس میں شامل کیا گیا ہے۔
اسپورٹ کلائمبنگ کو بھی ٹوکیو اولمپکس میں شامل کیا گیا ہے۔

بیس بال اور سافٹ بال

امریکہ کے مقبول کھیل بیس بال کی ایک طرح سے ٹوکیو اولمپکس میں ری انٹری ہوئی ہے۔ قبل ازیں 2008 کے بعد ہونے والے اولمپکس میں اس کھیل کو شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن اس بار یہ کھیل اولمپک مقابلوں میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔

بیس بال اور سافٹ بال میں خاصی مماثلت پائی جاتی ہے، بیس بال قدرے بڑے میدان میں کھیلا جاتا ہے جب کہ سافٹ بال نسبتاً زیادہ تیز کھیل ہے اور اسے چھوٹے میدان میں کھیلا جاتا ہے۔

بیس بال کی عالمی رینکنگ میں جاپان کا پہلا نمبر ہے جب کہ اسے امریکہ، آسٹریلیا، کینیڈا، اٹلی اور میکسیکو کی ٹیموں سے مقابلہ درپیش ہو گا۔

کراٹے

کراٹے کو بھی ٹوکیو اولمپکس میں شامل کیا گیا ہے جس کی دو کیٹیگریز 'کاتا' اور 'کمیتے' میں کھلاڑی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

کاتا کراٹے میں ایک تصوراتی حریف کے حملوں کا دفاع کر کے اپنی نقل و حرکت اور جوابی حملوں کی مہارت دکھائی جاتی ہے۔

'کمیتے' میں دو حریف ایک دوسرے کے آمنے سامنے آتے ہیں اور تین منٹ کے لیے ایک دوسرے پر داؤ پیچ آزماتے ہیں جس میں زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے کھلاڑی کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔

اس خبر کے لیے بعض معلومات خبر رساں ادارے 'فرانس 24' سے حاصل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG