رسائی کے لنکس

نیو اورلینز میں فائرنگ سے 11 افراد زخمی، ایک شخص زیر حراست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی ریاست لوزیانا میں واقع نیو اورلینز میں ایک شخص کی فائرنگ سے 11 افراد زخمی ہو گئے۔

امریکہ خبر رساں ادارے 'سی این این' کے مطابق اتوار کی صبح کینال اسٹریٹ پر ایک شخص نے فائرنگ جس کی زد میں آ کر کئی افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے مقام سے ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ اسی شخص نے فائرنگ کی تھی۔

پولیس کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے۔

نیو اولینز کے پولیس ڈپارٹمنٹ (این او پی ڈی) کے بیان کے مطابق 10 زخمیوں کو مقامی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ ایک شخص خود مقامی اسپتال آیا۔

امریکی اخبار 'واشنگٹن پوسٹ' کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

این او پی ڈی ترجمان ارون لونے کا کہنا تھا کہ صبح کے تین بجے ایک کال موصول ہوئی کہ مذکورہ علاقے میں کسی قسم کی گڑبڑ ہے جس پر پولیس اہلکار اس جگہ پہنچے جہاں انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی اور جلد ہے وہ اس مقامی پر پہنچ گئے جہاں فائرنگ کی زد میں آنے والے افراد موجود تھے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقع مشہور بوربن اسٹریٹ کے قریب پیش آیا جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔

'واشنگٹن پوسٹ' کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب اس علاقے میں فٹ بال کے کھیل کے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یہاں پر دو اہم حریف ٹیموں گرامبلینگ اسٹیٹ یونیورسٹی اور سدرن یونیورسٹی کے درمیان مقابلہ دیکھنے کے لیے تماشائی آئے تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'بی بی سی' کی رپورٹ کے مطابق مختلف ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور وہاں سے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

اس علاقے میں 2016 میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ نو زخمی ہوئے تھے۔ 2014 میں اسی علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG