رسائی کے لنکس

نئی پاکستانی فلم ’مور‘ کا میوزک


کسی بھی فلم کا میوزک لانچ ہونا پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کا واضح ثبوت ہے ورنہ اب تک فلموں کی ریلیز پر تقریبات ہونے کا رواج تو تھا لیکن میوزک لانچنگ کی تقریب’ نئے زمانے کا نیا اسٹائل‘ ہے۔

نئی پاکستانی فلم ’مور‘ کا میوزک لانچ ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے کراچی کے ایٹریم سنیما میں ایک تقریب ہوئی جس میں اس سے جڑی مختلف شخصیات کے ساتھ ساتھ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ دیگر لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کسی بھی فلم کا میوزک لانچ ہونا پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کا واضح ثبوت ہے ورنہ اب تک فلموں کی ریلیز پر تقریبات ہونے کا رواج تو تھا، لیکن میوزک لانچنگ کی تقریب ’نئے زمانے کا نیا اسٹائل‘ ہے۔

فلم ’مور‘ ۔۔’آزاد فلم کمپنی‘ اور ’مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ‘ کی مشترکہ کاوش ہے۔ فلم کی ڈائریکشن جامی نے دی ہیں جو اس سے پہلے ’آپریشن زیرو ٹو ون‘ کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔

میوزک ترتیب دیا ہے ’اسٹرنگز‘ نے اور شاعر ہیں انور مقصود جن کی مہارت، کام اور فنی صلاحیت کسی تعارف کی محتاج کبھی نہیں رہی۔

رواں ماہ پاکستان کے ’یوم آزادی‘ پر ریلیز ہونے والی فلم ’مور‘ کے بارے میں شدومد سے کہا جارہا ہے کہ یہ انڈسٹری میں ایک نئی روح پھونک دے گی۔ فلم بلوچستان کی سرزمیں پر عکس بند کی گئی ہے۔

لانچنگ تقریب میں موسیقی سے متعلق وی او اے سے بات کرتے ہوئے جامی کا کہنا تھا کہ، ’مور‘ کی موسیقی انتہائی مسحورکن اور دلوں کو چھو جانے والی ہے۔ اسی موسیقی کی بدولت فلم کی کہانی کا تاثر براہ راست فلم بینوں کے دل میں سماتا محسوس ہوتا ہے۔ فلم کی کہانی تصوراتی نہیں حقیقی ہے جس کا بیک گراؤنڈ اسکور، موسیقی حتیٰ کہ اس کے اشعاربھی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔‘

فلم کی موسیقی مرتب کرنے والے گروپ ’اسٹرنگز‘ کا کہنا ہے ’مور کی موسیقی انڈسٹری کے لئے ایک مثال ثابت ہوگی۔‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلم میں ہمارے علاوہ جاوید بشیر، میشا شفیع، رحیم شاہ، رحمہ علی اور نعمان فاروقی نے اپنی اپنی آوازوں کا بڑھ چڑھ کر جادو جگایا ہے۔‘

جامی مزید کہتے ہیں ’مور ایک پروجیکٹ کے طور پر میرے دل کے بہت قریب ہے، ہم نے بہترین موسیقی، کہانی اور ڈائریکشن کا ایک حسین امتزاج فلم بینوں کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔‘

ایک سوال پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی فلمی حلقوں کو قائدانہ طور پر ایسی فلمیں بنانے کیلئے مسلسل جدوجہد کرنی چاہیے۔‘

فلم کی کاسٹ میں پرفارمنگ آرٹ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اور منجھے ہوئے فنکارشامل ہیں یعنی حمید شیخ، سمیعہ ممتاز، شاذ خان، عبد القادر، سونیا حسین، ایاز سموں اور سید ایشیتا محبوب۔

XS
SM
MD
LG