رسائی کے لنکس

رنبیر کپور کا نیا گانا ’دل بدتمیز‘ ہٹ ہو گیا


’دل بدتمیز ‘ کو اب تک دس لاکھ سے زائد لوگ انٹرنیٹ پر دیکھ چکے ہیں اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

لاکھوں دلوں کی دھڑکن ڈیشنگ کپور بوائے رنبیر”برفی“ میں گونگے و بہرے بنے تو سب کی ہمدردیاں اور محبت جیت لی اوراب ان کی” بدتمیزی“ نے بھی لوگوں کو ناراض کرنے کے بجائے جھومنے، ناچنے اور گانے پر مجبور کر دیا ہے۔

جی ہاں ۔۔۔ رنبیر کی آنے والی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کا گانا ’دل بدتمیز ‘ ریلیز ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر اندر سپر ہٹ ہو کر میوزک چارٹس پر حکمرانی کرنے لگا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ اور ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ’دل بدتمیز ‘ کو اب تک دس لاکھ سے زائد لوگ انٹرنیٹ پر دیکھ چکے ہیں اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رنبیر کی ہائی پروفائل ڈانس پرفارمنس نے دیکھنے والوں کو ان کے دادا یعنی راج کپور کے بھائی شمی کپور کے ڈانس اسٹائل کی یاد دلا دی۔

’دل بدتمیز‘ کے فاسٹ ٹیمپو کے میوزک پر رنبیر بالکل ویسے ہی تھرکتے اور مچلتے نظر آئے جیسے شمی کپور ’چاہے کوئی مجھے جنگلی کہے‘ یا ’آجا، آجامیں ہوں پیار تیرا‘ میں برق رفتاری سے ڈانس کرتے دکھائی دئیے تھے۔

انرجی سے بھرپور ’دل بدتمیز ‘ کا میوز ک دیا ہے پریتم نے جبکہ گانے کے بولے لکھے ہیں امیتابھ بھٹاچاریہ نے ۔۔ اور اس زبردست ڈانس نمبر کی کوریو گرافی کی ہے ریمو ڈی سوزا نے۔

ڈانس فلو ر پر رنبیر کی ’بدتمیز‘ سی اینٹری نے لاکھوں لوگوں کو دیوانہ بنایا تو دوسری جانب فلم کے ڈائریکٹر سمیت سبھی کو خوش کر دیا۔ فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کے ڈائریکٹر آیان مکھرجی کا کہنا تھا ”گانا اتنی جلدی اتنا ہٹ ہو جائے گا اس کی امید نہیں تھی۔“

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمی کپور جی جیسے کلاسک ایکٹر اور ’شاندار‘ ڈانسر کی جھلک اگر ’دل بدتمیز ‘ میں نظر آئی تو یہ اعزاز کی بات ہے لیکن اس بارے میں پہلے سے کچھ طے نہیں کیا گیا تھا۔“

’دل بدتمیز‘ کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ میں خوب ہلہ گلہ اور موج مستی ہوگی۔ فلم کی کاسٹ میں رنبیر کے ساتھ موجود ہیں دپیکا پڈکون اور کالکی کوچیلین او ر یہ فلم 21 مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
XS
SM
MD
LG