رسائی کے لنکس

ابوظبی ٹیسٹ: پاکستان کی 74 رنز کی برتری، کیویز 56 پر ایک آؤٹ


ابوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کیوی ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنا لئے، پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لئے اُسے مزید 18 رنز درکار ہیں، جبکہ 9 وکٹیں ابھی باقی ہیں، کپتان ولیم سن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

ابوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 59 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز آگے بڑھائی، گذشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین اظہر علی اور حارث میدان میں اُترے، دونوں بیٹسمینوں خصوصاً اظہر علی نے سست رفتار بیٹنگ کی اور 95 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حارث سہیل بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے سیشن میں کیوی بولرز نے عمدہ بولنگ کی۔ لیکن خراب فیلڈنگ اور کیچ ڈراپ کے باعث زیادہ وکٹیں نہ لے سکے اور صرف 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان اننگز کی دلچسپ بات رہی کہ پہلی دو وکٹیں یکے بعد دیگر27 ہی کے اسکور پر گریں اور پھر اگلے بیٹسمین بھی اسی طرح 91 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

91 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد بیٹسمینوں اسد شفیق اور بابر اعظم نے اسکور آگے بڑھانے کی ذمہ داری اٹھائی اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں پہلے کیوی اسکور کا پہلی اننگز کا اسکور 153 رنز برابر کیا اور پھر برتری لینا شروع کی۔ لیکن ابھی صرف 21 رنز ہی کی سبقت ملی تھی کہ ٹرینٹ بولٹ کی ایک عمدہ بال بیٹ کا اندرونی کنارا لیتے ہوئے وکٹوں سے جا ٹکرائی اور اسد شفیق 43 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے۔

کپتان سرفراز پہلے ٹیسٹ کی پہلی ہی اننگز میں ناکام رہے اور صرف 2رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔

بلال آصف 11، یاسر شاہ 9 اور حسن علی 4 رنز بنا سکے، یوں پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور پر صرف 74 رنز کی برتری حاصل کر سکی۔

ٹرینٹ بولٹ نے چار، ڈی گرینڈہوم اور اعجاز پٹیل نے دو، دو جبکہ ویگنر اور سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کیوی ٹیم نے 74 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز شروع کی لیکن اوپنرز صورتحال کے لیے بہتر آغاز دینے میں ناکام رہے اور دوسرے ہی اوور میں کوئی بھی رن بنائے بغیر ٹام لیتھم حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ تاہم، کھیل کے اختتام تک جیت راول اور ولیم سن نے مزید کوئی وکٹ گنوائے اسکور 56 رنز تک پہنچادیا۔

XS
SM
MD
LG