رسائی کے لنکس

کروڑ پتی فٹ بالر نیمار کا نام 'کرونا امداد' لینے والوں میں شامل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

برازیل سے تعلق رکھنے والے دنیا کے مہنگے ترین فٹ بالرز میں شامل نیمار کے لیے 120 ڈالرز کی فلاحی امداد غلطی سے منظور کر لی گئی ہے۔

برازیل میں کرونا وائرس کے سبب متاثر ہونے والے کم آمدنی والے افراد کے لیے مختص امدادی رقم کے لیے فٹ بالر نیمار کے نام سے دائر درخواست کی بھی منظوری دے دی گئی تھی۔ تاہم حکام نے تحقیقات کے بعد اُن کا نام مستحقین کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق نیمار کا نام، تاریخ پیدائش اور برازیل کا شناختی نمبر امدادی رقم حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

برازیل مین 120 ڈالرز کی یہ ہنگامی امداد ان لوگوں کو فراہم کی جا رہی ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے یا تو بے روزگار ہو گئے ہیں یا اُنہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

امدادی رقم وصول کرنے والوں میں بڑی تعداد باورچیوں یا صاف ستھرائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے۔

فرانسیسی کلب (پی ایس جی) کے ساتھ 222 ملین یوروز کا معاہدہ کرنے والے نیمار مذکورہ امداد حاصل کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ (فائل فوٹو)
فرانسیسی کلب (پی ایس جی) کے ساتھ 222 ملین یوروز کا معاہدہ کرنے والے نیمار مذکورہ امداد حاصل کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ (فائل فوٹو)

امدادی رقم کی فہرست میں نام آنے کی خبر دینے والی نیوز ویب سائٹ 'یو او ایل' کے مطابق ابتدائی طور پر حکام نے نیمار کے لیے امدادی رقم کی منظوری بھی دے دی تھی۔ لیکن بعد ازاں تحقیقات کے بعد ان کا نام مستحقین کی فہرست سے نکال دیا گیا۔

'یو او ایل' کے مطابق نیمار کے اسٹاف نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ نیمار نے کبھی اس امدادی رقم کے لیے درخواست نہیں دی تھی اور وہ نہیں جانتے کہ ایسا کس نے کیا ہے۔

کرونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کے دوران 28 سالہ نیمار برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے نواح میں واقع ایک ریزورٹ ٹاؤن میں رہائش پذیر ہیں۔

برازیل کرونا کی وبا سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے جہاں امریکہ اور برطانیہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ یعنی 34 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG