رسائی کے لنکس

کراچی کے امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا: وزیر اعظم


کراچی کے عوام جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی سے مطمئن ہیں، کوئی معاشرہ بھتہ خوری اور دہشت گردی کو برداشت نہیں کرتا۔ اس لئے، جرائم کے خاتمے کے لئے امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا

کراچی… پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پیر کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کا دورہ کیا۔ دورے کا اہم مقصد شہر میں امن و امان سے متعلق جائزہ اجلاس کی سربراہی کرنا تھا۔

اجلاس سے خطاب کے دوران، وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی سے مطمئن ہیں، کوئی معاشرہ بھتہ خوری اور دہشت گردی کو برداشت نہیں کرتا۔ اس لئے، جرائم کے خاتمے کے لئے امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی شریک تھے، جبکہ گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ وزیراعظم کے ساتھ آئے ہوئے وزیردفاع، وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے بھی اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔

وزیر اعظم نے قیام امن کے لئے بھرپور کوششیں کرنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن سات 8 سال قبل شروع ہوجانا چاہئے تھا۔ لیکن، کسی نے توجہ ہی نہیں دی جبکہ موجودہ حکومت نے کراچی آپریشن کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے سرمایہ دار دبئی میں ملاقات کے لئے بلایا کرتے تھے اب وہ خود بے خوف ہو کر کراچی آتے ہیں۔

اجلاس سے وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی خطاب کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں انسداد دہشت گردی کی مزید دو درجن سے زائد عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں، تاکہ مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔

کراچی آپریشن کو 27ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب بھی اس کے خاتمے کی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ساتھ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ آپریشن غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہے اور مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا۔

XS
SM
MD
LG