رسائی کے لنکس

اب بریانی نہیں ملے گی: مصباح الحق


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے منصب سنبھالنے کے بعد پاکستانی کرکٹرز کے کھانے کے مینو سے بریانی اور تیل میں تلی ہوئی اشیا حذف کروا دی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ اقدام کرکٹرز کی غیر معیاری فٹنس کے باعث اٹھایا گیا ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ پابندی قومی کرکٹرز کے کیمپ کے علاوہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس کے دوران بھی برقرار رہے گی۔ مصباح کی طرف سے متعارف کرائے گئے نئے مینو میں بریانی، تلے ہوئے گوشت اور میٹھی چیزوں کو خارج کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کرکٹرز کے بریانی اور دیگر مرغن کھانوں کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر شدید تنقید سامنے آئی تھی۔ ان میں کرکٹرز کو اہم میچوں سے قبل رات کو مرغن کھانے، پیزا اور برگر وغیرہ کھاتے دیکھا گیا تھا۔

ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ بھی غیر معیاری رہی تھی اور کرکٹ کے ماہرین کا کہنا تھا کہ اس کی ایک وجہ کرکٹرز کا اپنی خوراک پر مناسب توجہ نہ دینا تھی۔

سابق کپتان اور فاسٹ بالر وسیم اکرم نے بھی ورلڈ کپ سے قبل خبردار کیا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز بریانی کھا کر چیمپئن ٹیموں کو نہیں ہرا سکتے۔

مصباح الحق نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں نئے ’ڈائٹ پلان‘ کو متعارف کراتے ہوئے کرکٹرز پر واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کے لیے انہیں اپنی فٹنس پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینا ہو گی۔

نئے مینو میں مصباح نے باربی کیو، پاستہ، سبزیاں اور پھل شامل کیے ہیں۔

مصباح الحق نے حال ہی میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی دوہری ذمہ داریاں سنبھالی ہیں جب کہ سابق ہیڈ کوچ وقار یونس تین سال کے لیے بالنگ کوچ ہوں گے۔

مصباح اور وقار یونس کے لیے پہلا بڑا امتحان سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز ہے جو پاکستان میں 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG