رسائی کے لنکس

جانگ کی موت، امریکہ کی خطے کے اتحادیوں سے بات چیت


شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ جانگ سونگ تھیک کے خلاف ’ناقابلِ معافی جرائم‘ کی فردِ جرم عائد کی گئی تھی اور اُنھیں جمعرات کو فوری طور پر موت کی سزا دے دی گئی

امریکہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن کے کسی زمانے میں ذی اثر پھوپھا کو موت کی سزا دیے جانے کے بعد، وہ خطے کے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مذاکرات کے روابط کو تیز کر رہا ہے۔

محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، میری ہارف نے جمعے کے روز کہا کہ امریکہ کے لیے ’جزیرہ نما کوریا میں استحکام کا معاملہ بہت اہمیت کا حامل ہے‘ اور یہ کہ، شمالی کوریا کے اندرونی حالات کے بارے میں خطے میں ہم اپنے اتحادیوں اور ساجھے داروں کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے کو بڑھائیں گے‘۔

جانگ سونگ تھیک ’نیشنل ڈفنس کمیشن‘ کے ایک سابق نائب سربراہ تھے، جس کا سربراہ کِم ہے۔

کَم عمر لیڈر کے پھوپھا کو، کِم کے ’مربی اور قریب ترین مشیر‘ بھی خیال کیا جاتا تھا۔


شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ جانگ سونگ تھیک کے خلاف ’ناقابلِ معافی جرائم‘ کی فردِ جرم عائد کی گئی تھی اور اُنھیں جمعرات کو فوری طور پر موت کی سزا دے دی گئی۔

اُدھر، جمعے کے دِن کی علاقائی اخباری رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جانگ کی موت اُس کمیونسٹ ملک میں عدم استحکام کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے، اور یہ کہ، شمالی کوریا بیرونی اشتعال انگیزی پر مبنی ردِ عمل کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔

جنوبی کوریا کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حکومت شمالی کوریا کی طرف سے کسی ’غیر معمولی‘ نوعیت کے حربے کو خیال میں رکھتے ہوئے، وہ از حد چوکنہ ہے۔

تاہم، ’جنوبی کوریا سے اتحاد‘ سے متعلق وزارت نے کہا ہے کہ وہ اپنے شمالی ہمسائے کے ساتھ کسی فوری مؤقف کی تبدیلی کا ارادہ نہیں رکھتی۔

’ یُنہاپ‘ نیوز ایجنسی نے جمعے کو خبر دی ہے کہ دونوں کوریاؤں کے نمائندے آئندہ ہفتے ملاقات کریں گے، جِس میں شمالی کوریا کے سرحدی شہر ’کائی سونگ‘ میں قائم مشترکہ صنعتی پارک کو بہتر درجہ دینے کے بارے میں غور کیا جائے گا۔

شمالی کوریا کے قریبی اتحادی اور مالی امداد دینے والے ملک، چین نے جانگ کی موت کو شمالی کوریا کا ’داخلی معاملہ‘ قرار دیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان ہانگ لِی نے جمعے کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ چین شمالی کوریا کے ساتھ کاروباری تعاون کو فروغ دیتا رہے گا۔
XS
SM
MD
LG