رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کی امریکہ کو مذاکرات کی پیشکش


اس پیشکش میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کا مقصد کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن اور سلامتی کا قیام ہے۔

شمالی کوریا نے امریکہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات کی تجویز پیش کی ہے۔

شمالی کوریا کے نیشنل ڈیفنس کمیشن نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ واشنگٹن ان مذاکرات کے لیے جگہ اور وقت کا تعین کرسکتا ہے لیکن اس کی کوئی پیشگی شرائط نہیں ہوسکتیں۔

یہ بیان سرکاری خبر رساں ایجنسی اور سرکاری ٹی وی و ریڈیو پر بھی نشر کیا گیا۔

اس پیشکش میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کا مقصد کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن اور سلامتی کا قیام ہے۔

پیانگ یانگ نے کہا ہے کہ وہ ایک جوہری ریاست رہے گا تا وقتیکہ بیرونی جوہری خطرات کا خاتمہ نہیں ہوجاتا اور امریکہ سے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں ختم کردے۔

جزیرہ نما کوریائی خطے میں رواں سال فروری میں شمالی کوریا کے جوہری تجربے کے بعد کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا اور اقوام متحدہ کی طرف سے اس پر نئی پابندیاں عائد کی گئیں۔

دونوں حریف پڑوسی کوریائی ملکوں کے درمیان گزشتہ ہفتے مجوزہ اعلیٰ سطحی مذاکرات آغاز سے پہلے ہی بوجہ منسوخ ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG