رسائی کے لنکس

نوٹر ڈم کیتھڈرل چرچ کے پائپ آرگن کی صفائی چار سال میں مکمل ہو گی


تاریخی نوٹرڈم کا ایک منظر، آتش زدگی کے بعد ان دنوں مرمت اور تنزین و آرائش کا کام جاری ہے جس پر مزید چار سال لگیں گے۔
تاریخی نوٹرڈم کا ایک منظر، آتش زدگی کے بعد ان دنوں مرمت اور تنزین و آرائش کا کام جاری ہے جس پر مزید چار سال لگیں گے۔

فرانس کے موسیقی کے سب سےبڑے ساز پائپ آرگن کی صفائی کا کام پیر سے شروع ہو گیا ہے، جسے مکمل کرنے کے لیے چار سال کا عرصہ درکار ہے۔ پیرس میں قائم نوٹر ڈیم کیتھڈرل چرچ میں نصب اس آرگن سے پورا شہر گونج اٹھتا تھا۔

پچھلے سال نوٹر ڈم کیتھڈرل چرچ میں آگ لگ گئی تھی اور اس تاریخی چرچ کی عمارت کو خاصا نقصان پہنچا تھا۔ لیکن حیرت انگیز طور پر اس میں نصب آرگن کے آٹھ ہزار پائپوں کا زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

ہر چند کہ چرچ کی چھت اور عمارت کا پورا ڈھانچا شعلوں کی لپیٹ میں آ کر جھلس گیا تھا، مگر ان پائپوں کو بھڑکتی ہوئی آگ نے توقع سے بے حد کم نقصان پہنچایا۔

تین اگست پیر سے اس کے سینکڑوں پائپوں، اور کی بورڈ کو اتارنے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ کی بورڈ کے بعد اس کے پاپیوں کو اتارا جائے گا۔ پھر ان کی صفائی ہو گی اور آخر میں انہیں دوبارہ نصب کیا جائے گا۔

شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے ان کے اوپر زہریلی دھات کی تہہ جم گئی ہے، جسے بڑی احتیاط سے اتارا جائے گا۔

شدید حدت نے موسیقی کے اس آلے کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔ مگر یہ جل کر تباہ نہیں ہوا۔ شدید درجہ حرارت کے باوجود موسیقی کا یہ آلہ مکمل طور سے ناکارہ ہونے سے بچ گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کی بورڈ اور پائپوں کو اتارنے کا کام اس سال کے آخر تک مکمل ہو پائے گا۔ اس کے مختلف ٹکڑوں کو چرچ کے اندر بڑے بڑے کنٹینروں میں رکھا جائے گا۔

یہ آرگن 1733 میں چرچ میں نصب کیا گیا تھا اور اسے بجانے کے لیے خاص مہارت درکار ہوتی ہے۔

اس قدیم ساز کو ابھی مزید چار سال تک خاموش رہنا پڑے گا اور 16 اپریل 2024 کو یہ اپنی موسیقی کے ساتھ ایک بار پھر زندہ ہو جائے گا اور دلفریب دھنوں سے پیرس کی فضاوں کو مسحور کرے گا۔

فرانس کے صدر نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ چرچ کو 2024 میں کھول دیا جائے گا۔ اسی سال پیرس میں اولمپکس مقابلے بھی ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG