رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی بھارت وائٹ واش


آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت ٹیسٹ سیریز میں بھارت کی یہ پہلی شکست ہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت ٹیسٹ سیریز میں بھارت کی یہ پہلی شکست ہے۔

نیوزی لینڈ نے بھارت کو ون ڈے سیریز کے بعد دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا ہے۔ شکست کا سامنا کرنے والی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اس شکست کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کا فیصلہ کھیل کے تیسرے ہی روز ہو گیا۔ بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے صرف 131 رنز کا ہدف دیا جسے مہمان ٹیم نے باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بھارت کی ناکامی کے بعد اس کی جیت کا تسلسل بھی ٹوٹ گیا ہے۔ اس سے قبل بھارت نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت کھیلے گئے میچز میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو شکست دی تھی۔

بھارت کو آخری مرتبہ 2018 میں انگلینڈ کے ہاتھوں پانچ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 1-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پیر کو کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی۔ اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل نے ٹیم کو 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تو بھارت کی شکست یقینی ہو گئی تھی۔

مہمان ٹیم نے بھارت کا 131 رنز کا ہدف تین وکٹوں پر باآسانی حاصل کیا۔
مہمان ٹیم نے بھارت کا 131 رنز کا ہدف تین وکٹوں پر باآسانی حاصل کیا۔

تاہم لیتھم 103 کے مجموعے پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بلنڈل کی اننگز کا خاتمہ بھی 55 رنز پر ہوا۔ جس کے بعد کپتان کین ولیمسن بھی پانچ رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

چوتھی وکٹ پر روس ٹیلر اور ہینری نکولس نے پانچ پانچ رنز بنائے اور ٹیم کو کامیابی سے ہم کنار کیا۔

میچ میں شاندار کارکردگی پش کرنے پر کیل جیمسن کو 'مین آف دی میچ' اور ٹم ساؤتھی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 242 اور دوسری اننگز میں 124 رنز بنائے تھے۔ مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 235 رنز بنا سکی تھی۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت سرِفہرست ہے۔ اس نے اب تک نو میچز کھیلے ہیں جس میں اسے دو میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ نیوزی لینڈ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔

کیویز ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے تین میں کامیابی اور چار میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی بقا کے لیے آئی سی سی نے 2021 تک کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا نام دیا ہے اور سرِ فہرست دو ٹیموں کے درمیان فائنل 2021 میں انگلینڈ میں ہو گا۔

XS
SM
MD
LG