رسائی کے لنکس

نینسی ریگن کی یاد میں امریکی پرچم سرنگوں


پیر کے روز وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اوباما نے شام تک جب آنجہانی کی تدفین نہیں ہوجاتی، تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جن میں فوجی چوکیاں، امریکی بحری جہاز اور سفارتی مشن شامل ہیں

امریکی صدر براک اوباما نے سابق خاتونِ اول، نینسی ریگن کے انتقال کے سوگ میں وائٹ ہاؤس اور تمام وفاقی عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رکھنے کے احکامات دیے ہیں۔

چالیسویں امریکی صدر رونالڈ ریگن کی شریک حیات کا 94 برس کی عمر میں اتوار کو دل کی دھڑکن بند ہونے کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔

آنجہانی کی میت کو منگل کے روز کیلی فورنیا کے شہر، سمی ویلی میں رونالڈ ریگن صدارتی لائبریری کے احاطے میں اُن کے مدفون شوہر کی قبر کے پاس سپرد خاک کیا جائے گا۔

پیر کے روز وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اوباما نے شام تک جب آنجہانی کی تدفین نہیں ہوجاتی، تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جن میں فوجی چوکیاں، امریکی بحری جہاز اور سفارتی مشن شامل ہیں۔

اوباما نے کہا ہے کہ سنہ 2009 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد، وہ اور خاتونِ اول مشیل اوباما کی ایک بار نینسی ریگن سے ملاقات ہوئی تھی، اور یہ کہ وہ وائٹ ہاؤس کے میزبانوں کے ساتھ رحم دلی سے اور مشفقانہ طور پر پیش آئیں تھیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’سابق صدر خوش نصیب تھے کہ اُنھیں اُن جیسی خاتون کا ساتھ ملا، اور مجھے یقین ہے کہ وہ یہ بات ضرور تسلیم کرتے۔ اس لیے، اُن کی کمی محسوس کی جاتی رہے گی‘‘۔

اتوار کے روز صدر اور مشیل اوباما نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ نینسی ریگن نے اپنے دور میں خاتونِ اول کے مقام کو ’’عزت بخشی تھی‘‘۔

XS
SM
MD
LG