رسائی کے لنکس

کراچی ٹیسٹ میں سری لنکا کو شکست، سیریز پاکستان کے نام


پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دی ہے۔
پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دی ہے۔

پاکستان نے کراچی ٹیسٹ میں سری لنکا کو 263 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔

پیر کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کے پانچویں اور آخری روز کا کھیل ہوا اور نصف گھنٹے سے بھی پہلے میچ کا فیصلہ ہو گیا۔

سری لنکا کو جیت کے لیے مزید 264 رنز درکار تھے اور اس کی تین وکٹیں باقی تھیں لیکن مہمان ٹیم حیرت انگیز طور پر ایک رن بھی اسکور نہ کر سکی اور گزشتہ روز کے اسکور 212 رنز پر ہی اس کی تینوں وکٹیں گر گئیں۔

کھیل کے آخری روز پاکستان کو پہلی کامیابی اُس وقت ملی جب ایمبولدنیا کو نسیم شاہ نے اپنی بال پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کرا کے بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹنے پر مجبور کیا۔

اس کے فوراً بعد اوشادہ فرنینڈو یاسر شاہ کی بال پر 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وہ بھی آج کوئی رن اسکور نہ کر سکے۔ انہوں نے یہ اسکور گزشتہ روز کیا تھا۔

آخری وکٹ کی شکل میں وشیو فرنینڈو بغیر رنز بنائے نسیم شاہ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

سری لنکا کے چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے جب کہ ان میں سے چار کھلاڑی، مینڈیس، ڈی سلوا، ایمبولدنیا اور وشو فرنینڈو صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی دوسری اننگز 62 اعشاریہ 5 اوورز پر 212 رنز بنا کر ہی سمٹ گئی۔ صرف ایک کھلاڑی اوشادہ فرنینڈو نے ٹرپل فگر اسکور کیا۔ انہوں نے 180 گیندوں پر 102 رنز بنائے جس میں 13 چوکے بھی شامل تھے۔

نسیم شاہ نے اس میچ میں زبردست بالنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ دو وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے جب کہ شاہین شاہ آفریدی ، محمد عباس اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

عابد علی کے لیے دوسرا ٹیسٹ نہایت اہم ثابت ہوا۔ اُنہیں میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وہ دوسری اننگز میں 174 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

عابد علی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔
عابد علی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 191 رنز اور دوسری اننگر تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 555 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 476 رنز کا ہدف ملا تھا۔

پاکستان کی جانب سے چار کھلاڑیوں، عابد علی، شان مسعود، اظہر علی اور بابر اعظم نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔

XS
SM
MD
LG