رسائی کے لنکس

پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے اجتماعات، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ مساجد، عید گاہوں اور میدانوں میں نمازِ عید ادا کی گئی جب کہ قربانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وفاقی دار الحکومت اسلام آباد، چاروں صوبائی دار الحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

ملک بھر میں ہونے والے نمازِ عید کے اجتماعات میں کشمیروں سے یکجہتی اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پوری ملّت اسلامیہ کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں سبق دیتا ہے کہ اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے اپنی عزیز ترین اشیاء حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو گریز نہ کیا جائے۔

صدر عارف علوی نے کشمیریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے دل کشمیر میں ہمارے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں جو صدر عارف علوی کے بقول بھارتی مظالم کا ڈٹ کر سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کا دن دور نہیں، ہمارے شہدا کو خراجِ تحسین کہ جنہوں نے ہمارے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں اس مقدس تہوار پر ہم وطنوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن مسلمانوں کو رضائے الہٰی کے لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت و فرمانبرداری کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ انسانی مقاصد کے حصول کے لیے ایثار و قربانی سے دریغ نہ کرنا ہی اسلامی تعلیمات کا نچوڑ ہے۔

صدر پاکستان عارف علوی نے نمازِ عید فیصل مسجد اسلام آباد اور وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنی رہاش گاہ بنی گالا میں ادا کی۔

کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اقبال ظفر جھگڑا نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دار الحکومت مظفر آباد میں نمازِ عید ادا کی۔

پاکستان کی بیشتر مرکزی سیاسی قیادت نے عید الاضحٰی جیل میں منائی ہے جن میں سابق وزراء اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی، سابق صدر آصف علی زرداری قابل ذکر ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے احتساب کے جاری سلسلے کے تحت اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کی اعلٰی قیادت اس وقت جیل میں ہے۔ گزشتہ ہفتے نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کو نیب نے گرفتار کیا جبکہ گزشتہ رات جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں زیر حراست آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو اسپتال سے جیل منتقل کیا گیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے کارکنان نے کوٹ لکھپت جیل کے قریب نمازِ عید ادا کرکے اپنے قائد نواز شریف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

عید الاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے بعد قربانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان بھر میں بارشوں کے سبب لوگوں کو جانوروں کی قربانی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی میں گزشتہ دو روز میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد بیشتر علاقوں میں اب بھی برساتی پانی موجود ہے۔ وزیرِ اعلی سندھ مُراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے پہلے روز قربانی نہ کریں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے بارش کے بعد کراچی کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام اراکین اسمبلی کو عید، جشن آزادی اور تعطیلات کے دوران عوام کو مدد کی فراہمی کے لیے اپنے اپنے حلقوں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی حکومت نے عید الاضحیٰ کو کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ذرائع ابلاغ کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

پیمرا نے ہفتے کو ذرائع ابلاغ کو ہدایات جاری کی تھیں کہ کشمیر کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عید الاضحیٰ کو سادگی سے منایا جائے اور عید کے خصوصی پروگراموں کو نشر نہ کیا جائے۔

XS
SM
MD
LG