رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی میں بم دھماکا، 6 افراد ہلاک


خیبر ایجنسی میں بم دھماکا، 6 افراد ہلاک
خیبر ایجنسی میں بم دھماکا، 6 افراد ہلاک

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں اتوار کو ایک بم دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

مقامی انتظامیہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں طالبان مخالف لشکر کے دو ارکان بھی شامل ہیں۔

بم ایک گدھا گاڑی پر لدی ریت میں چھپا کر مستک قصبے کے بازار میں چھوڑ دیا گیا تھا اور اس میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا جس کا ہدف لشکر کے ارکان تھے۔

حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ کسی نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایک روز قبل بھی خیبر ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے دو مختلف حملوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس قبائلی علاقے میں سرکاری فورسز اور طالبان کے درمیان گزشتہ ماہ ہونے والی خونریز جھڑپوں نے ہزاروں افراد کو خیبر ایجنسی سے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی پرمجبور کر دیا تھا جن میں سے اکثر اس وقت بھی پشاور کے قریب عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں۔

پاکستان کے اس سرحدی قبائلی ایجنسی میں طالبان کی حامی شدت پسند تنظیم لشکرِ اسلام کے خلاف سکیورٹی فورسز نے متعدد آپریشن کیے ہیں۔ اس گروہوں کے ارکان مبینہ طور پر سرکاری اہداف اور حکومت کے حامی قبائلیوں سمیت اس راستے سے گزرنے والے نیٹو افواج کے رسد کے قافلوں پر حملوں میں ملوث ہیں۔

XS
SM
MD
LG