رسائی کے لنکس

65کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد


65کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
65کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

پاکستان کے کسٹمز انٹیلی جنس حکام نے دو کارروائیوں میں 65کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل کی جانی تھیں۔

جمعہ کو ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے ایک کار کے ذریعے ہیرؤن پنجاب لے جانے کی کوشش کی جارہی تھی جسے بعد ازاں بیروں ملک اسمگل کیا جانا تھا۔ کسٹمز انٹیلی جنس نے کارروائی کرتے ہوئے اس کار کو قبضے میں لے کر دو اسمگلروں کو گرفتار کیا اور کار کے خفیہ خانوں سے آٹھ کلو ہیرؤن برآمد کرلی جب کہ دوسری کارروائی میں ایک ٹرالر کے ذریعے اسمگل کی جانے والی 84کلو افیون برآمد کی گئی۔

پاکستانی حکام کا کہنا ے کہ پڑوسی ملک افغانستان جہاں دنیامیں سب سے زیادہ رقبے پر پوست کاشت کی جاتی ہے اور اس سے حاصل ہونے والی منشیات کا ایک بڑا حصہ بیرونی دنیا کو پاکستان کے راستے اسمگل ہوتا ہے۔

وزارت انسداد منشیات کے وفاقی سیکرٹری افتخار احمد نے گزشتہ ہفتے وائس آف امریکہ کو بتایاتھا ” افغانستان میں گزشتہ سال تیار ہونے والی چار سو ٹن ہیرؤن میں سے تقریباً 160ٹن پاکستان میں داخل ہوئی جس میں سے کچھ یہاں پر استعمال ہوئی اور کچھ آگے دنیاکے مختلف ملکوں میں نکل گئی۔“

افتخار احمد نے بتایا کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حالیہ برسوں میں بڑی تعداد میں منشیات کی کھیپ پکڑی ہیں اور اس عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت 29سرکاری ادارے انسداد منشیات فورس کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG