رسائی کے لنکس

خاقان عباسی راولپنڈی جبکہ مریم نواز لاہور سے الیکشن لڑیں گی


شاہد خاقان عباسی (فائل فوٹو)
شاہد خاقان عباسی (فائل فوٹو)

مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 26 اور صوبائی اسمبلی کی 107 نشستوں کے امیدواروں کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن ) نے پنجاب سے قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ ملتان سے جاوید ہاشمی پارٹی ٹکٹ سے محروم رہے۔

مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 26 اور صوبائی اسمبلی کی 107 نشستوں کے امیدواروں کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

فہرست کے مطابق، شاہد خاقان عباسی اور حنیف عباسی راولپنڈی سے الیکشن لڑیں گے۔ این اے 73سیالکوٹ سے سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف، نارووال کے حلقے این اے 77 سے دانیال عزیز اور این اے 78 سے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال ن لیگ کے امیدوار ہوں گے۔

میانوالی کے حلقے این اے 95 سے حاجی عبیداللہ خان شادی خیل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا مقابلہ کریں گے جب کہ فیصل آباد کے حلقے این اے 102 سے طلال چوہدری امیدوار ہوں گے۔

مسلم لیگ(ن) کے گڑھ لاہور کے حلقے این اے 123 سے محمد ریاض ملک، این اے 124 سے حمزہ شہباز شریف اور این اے 125 سے سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز الیکشن لڑیں گی۔

حمزہ شہباز صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 146 اور مریم نواز صوبائی نشست پی پی 173 لاہور سے بھی امیدوار ہوں گی۔لاہور کے حلقے این اے 129 سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور این اے 131 سے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لاہور کے حلقے این اے 132 اور لیہ میں 192 سےجب کہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پی پی 164 اور پی پی 165 سے انتخابی اکھاڑے میں اتریں گے۔

پارٹی سے بغاوت کرنے والے زعیم قادری کی جگہ وحید عالم خان کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ابھی ٹکٹوں کی پہلی لسٹ جاری کی ہے جب کہ باقی حلقوں کی حتمی اور مکمل فہرست 2 دن میں جاری کی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کے لیے مختلف امیدواروں کی طرف سے سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب جاری ہونے والی فہرستوں میں پارٹی پالیسی سے اختلاف رکھنے والوں کو فارغ کردیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG