رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ بدھ سے شروع ہوگا


پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 106 رنز سے شکست ہوئی تھی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کیلئے دورہٴ ویسٹ انڈیز اور ٹیسٹ کیریئر خوشگوار یادوں سے کے ساتھ ختم کرنے اور مزید ایک ریکارڈ اپنے نام کرنے کا آخری موقع ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کی صورت میں بدھ کو سامنے آرہا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہی میچ سیریز کا آخری ٹیسٹ بھی ہے۔ میچ ونڈسر پارک، ڈومینیکا میں کھیلا جائے گا۔

تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 106 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

فتح کی صورت میں مصباح الحق ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والے پہلے پاکستانی کپتان بن سکتے ہیں۔

مصباح الحق کا بحیثیت کپتان ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ آخری ٹیسٹ ہوگا۔

ٹیسٹ کیریئر کے دوران مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اب تک7 ٹیسٹ کھیلے ہیں، چار میچوں میں پاکستان کو کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 51 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

پاکستان نے 19 میں فتح سمیٹی اور 17 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 15 بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

1958ء سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر 25 ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں۔

پاکستان نے 6 میں کامیابی حاصل کی اور 12 میں شکست ہوئی جبکہ 7 میچز ڈرا ہوئے۔

ونڈسر پارک، ڈومینیکا میں پاکستان نے اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا۔

اس گراؤنڈ پر مجموعی طور پر اب تک چار ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں دو آسٹریلیا نے جیتے، ایک میں ویسٹ انڈیز کو کامیابی ملی ، ایک میچ ڈرا ہوا۔

پہلا ٹیسٹ جولائی 2011 میں ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔

آخری میچ جون 2015 میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان ہوا جس میں ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

XS
SM
MD
LG