رسائی کے لنکس

سیلاب پر اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس، مزید امداد کے اعلانات


پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے اقوام متحدہ کے جمعرات کے خصوصی اجلاس میں اکثر ممالک نے مزید امداد دینے کے اعلانات کیے جس کے بعد یہ رقم اقوام متحدہ کی جانب سے 46 کروڑ ڈالر کی اپیل کے 55 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ ان اعلانات کے بعد اقوام متحدہ کی طرف سے کی گئی 460 ملین ڈالر کی اپیل کاکم از کم 55 فیصد جمع ہو چکا ہے جب کہ بعض ممالک اقوام متحدہ کے علاوہ بھی پاکستان کو براہ راست بھی امداد دے رہے ہیں۔

پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے اقوام متحدہ کے جمعرات کو بلائے گئے خصوصی اجلاس میں اکثر ممالک نے اپنی امداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

ان اعلانات کے بعد اقوام متحدہ کی طرف سے کی گئی 460 ملین ڈالر کی اپیل کاکم از کم 55 فیصد جمع ہو چکا ہے جب کہ بعض ممالک اقوام متحدہ کے علاوہ بھی پاکستان کو براہ راست بھی امداد دے رہے ہیں۔

پاکستان کے لیے مزید چھ کروڑ ڈالرکی امداد کا اعلان کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کی حکومت اپنی تمام تر کوششوں میں پاکستان کے جمہوری اداروں کے استحکام کو مد نظر رکھتی ہے۔

اس نئے اعلان کے بعد امریکہ کی طرف سے دی جانے والی کل امداد15 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہو جائے گی۔

جمعرات کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے امریکی عوام اور امریکی کارپوریشنوں سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئیں۔

اجلاس میں یورپی یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے بلجئیم کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سٹیون ونیکری نے مزید تین کروڑ یورو کا اعلان کیا۔ اس طرح اب یورپی یونین سے پاکستان کو ملنے والی کل امداد اٹھارہ کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

خصوصی اجلاس کے آغاز میں سیکرٹری جنرل بان گی مون نے اپنے حالیہ دورے کی تفصیل اور پاکستان میں سیلابوں کی تباہی کا آنکھوں دیکھا حال بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ‘‘آنکھ دیکھتی ہے، کان سنتے ہیں، لیکن دماغ کو سمجھ نہیں آتی کہ اتنی تباہی کیسے ہو گئی۔’’

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی تقریر میں بتایا کہ ابھی سیلاب کے مزید ریلے آنے اور موجودہ صورتحال کے مزید خراب ہونے کا خدشہ موجودہے۔

انہوں نے اقوام عالم کو یہ یاد دہانی بھی کرائی کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور اگر اب ان علاقوں میں جہاں شدت پسندوں کا ڈیرہ تھا، امداد پہنچانے میں تساہل سے کام لیا گیاتو بہت مشکل سے حاصل کی گئی کامیابیوں پر پانی پھر سکتا ہے۔

جنرل اسمبلی نے اپنے خصوصی اجلاس کے آغاز میں ایک قرارداد منظور کی جس میں پاکستان کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنے کے علاوہ عالمی برادری سے پاکستان کی بڑھ چڑھ کر امداد کرنے کی درخواست بھی کی گئی۔

سیکرٹری جنرل بان گی مون کے مطابق ستمبر میں پاکستان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلٰی سطحی اجلاس متوقع ہے اور اکتوبر میں برسلز میں فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کی میٹنگ ہوگی۔

XS
SM
MD
LG