رسائی کے لنکس

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے شکست دے دی


شاداب خان ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی شمارا بروکس کی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
شاداب خان ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی شمارا بروکس کی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں 63 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے مہمان ٹیم کو 201 رنز کا ہدف دیا تھا البتہ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف 137 رنز ہی بنا سکی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بلے باز شائی ہوپ تھے جنہوں نے 31 رنز بنائے۔ اوشین اسمتھ نے 24 رنز اور رمین پاول 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جب کہ ٹیم کے باقی کھلاڑی پاکستان کے باؤلروں کا زیادہ دیر تک سامنا نہ کر سکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے چار، شاداب خان نے تین جب کہ محمد نواز، حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

یہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مسلسل پانچویں کامیابی ہے۔ جب کہ اس سال پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں سب سے زیادہ میچ جیتنے کا بھی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے آغاز رپ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کا فیصلہ کسی حد تک درست بھی ثابت ہوا اور پہلے ہی اوور میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔

ان کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لیے فخر زمان آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر میدان میں نہ رہے اور صرف 10 رنز بنا کر 35 کے مجموعی اسکور پر پانچویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد حیدر علی نے بلے بازی شروع کی اور محمد رضوان کے ساتھ پاکستان کی پوزیشن مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 105 رنز کی پارٹنرشپ بنائی البتہ رضوان 52 گیندوں پر 78 رنز بنا کر 140 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

اگلے ہی اوور میں محمد رضوان کی جگہ آنے والے آصف علی ایک بار پھر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ جب کہ ان کے بعد آنے والے افتخار احمد بھی سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

حیدر علی 191 کے مجموعی اسکور پر آخری اوور میں 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز 10 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ شاداب کسی گیند کا سامنا کیے بغیر پویلین واپس آئے۔ یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے رومیرو شیفرڈ دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے۔

پاکستان ٹیم:

پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، افتخار احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

ویسٹ انڈیز ٹیم:

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں نکولس پوران، برینڈن کنگ، شائے ہوپ، شمارا بروکس، ڈیوون تھومس، رومین پاول، اوڈین اسمتھ، ڈومنک ڈراکیس، روماریو شیفرڈ، اکیل حسین اور اوشین تھومس شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG