رسائی کے لنکس

عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت کے لیے یادگاری سکہ جاری


یہ سکہ تانبے اور نکل کی آمیزش سے تیار کیا گیا ہے جس کے ایک رخ پر عبدالستار ایدھی کی تصویر کے ساتھ یہ عبارت کنداں ہے۔ "عبدالستار ایدھی۔۔۔انسانیت کا ایک عہد"

پاکستان کے مرکزی بینک نے نامور سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 50 روپے مالیت کا ایک یادگاری سکہ جاری کیا ہے۔

عبدالستار ایدھی کئی دہائیوں تک سماجی خدمات انجام دینے کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنی شناخت رکھتے تھے۔ وہ گزشتہ برس جولائی میں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

جمعہ کو کراچی میں منعقدہ تقریب میں اسٹیٹ بینک کے گورنر اشرف محمود وتھرا نے یادگاری سکہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی وہ واحد سماجی شخصیت ہیں جن کے نام سے اب تک کوئی سکہ جاری کیا گیا۔

اس سے قبل بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ اقبال، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کے یادگاری سکے جاری ہو چکے ہیں۔

13.5 گرام وزنی یہ سکہ تانبے اور نکل کی آمیزش سے تیار کیا گیا ہے جس کے ایک رخ پر عبدالستار ایدھی کی تصویر کے ساتھ یہ عبارت کنداں ہے۔ "عبدالستار ایدھی۔۔۔انسانیت کا ایک عہد" اور نیچے ان کی پیدائش اور وفات کا سن درج ہے "1928-2016"

سکے کے اجرا کے موقع پر عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی بھی موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ ان کے والد ہمیشہ قوم کے دل میں زندہ رہیں گے اور لوگوں کی بھلائی کے لیے ان کا مشن ہمیشہ جاری رہنا چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG