رسائی کے لنکس

ہاکی: پاکستان ٹوکیو اولمپکس میں پہنچ سکے گا؟


پاکستان اگلے سال ٹوکیو اولمپکس کے تحت ہونے والے ہاکی کے عالمی مقابلوں میں حصہ لے سکے گا یا نہیں، اس کا فیصلہ اتوار کو ہوگا۔

فیصلے کا انحصار پاکستان اور نیدرلینڈز اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں آج یعنی اتوار کو ہونے والے دوسرے میچ میں کامیابی سے مشروط ہے۔ اس حوالے سے آج کا میچ فیصلہ کن ہوگا۔

دونوں ٹیموں میں سے جو بھی ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ سال 2020 میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرسکے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ چار، چار گول سے برابر رہا تھا، قواعد کے مطابق اگر آج یعنی اتوار کو ہونے والا میچ بھی برابر رہتا ہے تواس صورتحال میں کوالیفکیشن کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ روز ہونے والا پہلا میچ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا جس میں پاکستان نے حیرت انگیز طور پر نیدرلینڈز کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن مخالف ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے میچ کے آخری منٹ میں کئے گئے گول کی وجہ سے میچ چار،چار گول سے برابر ہوگیا تھا۔

پاکستان میچ کے پہلے ہی کوارٹر میں پنالٹی کارنر کی مدد سے گول کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ یہ مبشر علی نے کیا مگر دوسرے کوارٹر میں نیدرلینڈز کو یکے بعد دیگر دو گولز کی برتری حاصل ہوگئی۔

اس برتری کو غضنفرعلی نے گول کرکے مقابلے کو دو، دو سے برابر کردیا۔

ہاف ٹائم کے بعد تیسرے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑی رضوان علی نے پھرایک گول کردیا لیکن کچھ ہی دیر بعد نیدر لینڈز کو بھی گول کرنے کا موقع مل گیا۔

آخری کوارٹرمیں مبشر علی نے دوسرا اور پاکستان کی جانب سے چوتھا گول کیا لیکن آخری سیکنڈرز میں ہالینڈ نے بھی ایک گول کرکے میچ کو چار، چار سے برابر کردیا۔

پاکستان عالمی رینکنگ میں 17 ویں اور ہالینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG