رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 89 مریض چل بسے


پاکستان میں منگل کو کرونا وائرس کے مزید 89 مریض چل بسے جبکہ 3968 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

ان میں دارالحکومت اسلام آباد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اعدادوشمار شامل نہیں ہیں۔ ملک میں شفایاب ہوجانے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 761 نئے کیسز سامنے آئے اور 35 مریض دم توڑ گئے۔ سندھ میں اس کے تقریباً چار گنا مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق منگل کو 2655 کیسز کا علم ہوا اور 34 اموات ہوئیں۔

خیبر پختوبخوا کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دن بھر میں کرونا وائرس کے 483 ٹیسٹ مثبت آئے اور 16 جانیں ضائع ہوگئیں۔ بلوچستان میں 50 نئے کیسز کا پتا چلا جبکہ 2 مریض ہلاک ہوگئے۔ گلگت بلتستان میں بھی 2 مریضوں کا انتقال ہوا اور 19 کیسز کا اضافہ ہوا۔

سندھ میں منگل کو 1208، پنجاب میں 341، خیبر پختونخوا میں 441، بلوچستان میں 287 اور گلگت بلتستان میں 11 افراد صحت یاب ہوگئے۔ اس طرح مجموعی تعداد 101091 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 213305 اور اموات کی تعداد 4393 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک 12 ملکوں میں 2 لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 5 لاکھ اور اموات 5 لاکھ 12 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہیں۔ امریکہ 27 لاکھ کیسز اور ایک لاکھ 30 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔

XS
SM
MD
LG