رسائی کے لنکس

اورکزئی میں شدت پسندوں کا مرکز تباہ


برآمد ہونے والا اسلحہ
برآمد ہونے والا اسلحہ

کرم ایجنسی کے علاقے میں کی گئی کارروائی میں بڑی مقدار میں اسلحہ بشمول مارٹر گولے، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات قبضے میں لیے گئے۔

پاکستان کی فوج نے قبائلی علاقوں اورکزئی اور کرم ایجنسی میں کی گئی کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کرنے اور شدت پسندوں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا بتایا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کی طرف سے اتوار کو جاری ایک بیان کے مطابق قابل اعتماد خفیہ معلومات کی بنیاد پر اورکزئی ایجنسی کے علاقے کلایا میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کی طرف سے اپنے ایک مرکز کے طور پر بنائی گئی زیرزمین سرنگوں کو تباہ کر دیا۔

مزید برآں کرم ایجنسی کے علاقے میں کی گئی کارروائی میں بڑی مقدار میں اسلحہ بشمول مارٹر گولے، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات قبضے میں لیے گئے۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ اسلحہ ملک میں دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال ہونا تھا جسے قبضے میں لے کر سکیورٹی فورسز نے ان منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔

رواں سال فروری میں ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے مہلک دہشت گرد حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف آپریشن 'ردالفساد' کے عنوان سے کارروائیاں شروع کی تھیں۔

ملک کے طول و عرض میں کی جانے والی کارروائیوں میں اب تک درجنوں مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا بتایا جا چکا ہے۔

کرم ایجنسی میں امن و امان کی صورتحال حالیہ مہینوں میں ایک بار پھر خراب ہوتی نظر آئی ہے۔ گزشتہ ماہ کے اواخر میں بھی یہاں ایک امام بارگاہ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

رواں ماہ ہی مرکزی شہر پارا چنار کے گرد حکام نے خندق کھودنے کا کام شروع کیا تھا جس کا مقصد غیر معروف راستوں سے مشتبہ عسکریت پسندوں کی علاقے میں نقل و حرکت کو روکنا بتایا گیا۔

XS
SM
MD
LG